
نئی دہلی، 19 نومبر (ہ س)۔ وزیراعظم نریندر مودی آج آندھرا پردیش اور تمل ناڑو کے دورے پر رہیں گے۔ وہ صبح تقریباً 10 بجے آندھرا پردیش کے پٹاپرتھی میں واقع بھگوان شری ستیہ سائیں بابا کے دھام اور مہاسمادھی پر خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔ اس کے بعد تقریباً 10.30 بجے ستیہ سائیں بابا کے صد سالہ جشن میں شامل ہوں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم ان کی زندگی اور تعلیمات پر مبنی یادگاری سکّہ اور ڈاک ٹکٹوں کا سیٹ جاری کریں گے۔ اس دوران وہ موجود عوامی اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔
وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے مطابق، آندھرا پردیش کے بعد وزیراعظم دوپہر کو تمل ناڈو کے کوئمبٹور پہنچیں گے۔ وزیراعظم دوپہر تقریباً 1.30 بجے ’’دکشن بھارت پراکرتک کھیتی کانفرنس‘‘ (ساوتھ انڈیا نیچرل فارمنگ کانفرنس) کا افتتاح کریں گے۔ اسی پروگرام میں وزیراعظم ملک کے 9 کروڑ کسانوں کو سہارا دینے کے لیے پی ایم کسان یوجنا کی 21ویں قسط جاری کریں گے۔ یہ رقم 18 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔
یہ کانفرنس 21 نومبر تک جاری رہے گی۔ نیچرل فارمنگ اسٹیک ہولڈرز فورم کے زیر اہتمام منعقد اس کانفرنس کا مقصد پائیدار، ماحول دوست اور کیمیکل سے پاک کھیتی کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام میں حیاتیاتی اجزاء، مقامی ٹیکنالوجی، ایکو فرینڈلی پیکجنگ، ایگرو پروسیسنگ اور کسان پروڈیوسر تنظیموں کے لیے مارکیٹ کنیکٹیویٹی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
کانفرنس میں تمل ناڈو، پڈوچیری، کیرالا، تیلنگانہ، کرناٹک اور آندھرا پردیش سمیت جنوبی ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے 50 ہزار سے زیادہ کسان، سائنس داں، قدرتی کھیتی کے ماہرین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز حصہ لیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن