
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ 16 ویں مالیاتی کمیشن کے ارکان نے، اس کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑھیہ کی قیادت میں، پیر کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ قبل ازیں، کمیشن کے ارکان نے صدرجمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور انہیں باضابطہ طور پر کمیشن کی رپورٹ پیش کی جس میں 2026تا31 کی مدت کے لیے اس کی سفارشات شامل تھیں۔
وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر پوسٹ کیا، کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اروند پنگڑھیہ کی قیادت میں 16ویں مالیاتی کمیشن کے اراکین کے ایک وفد سے ملاقات کی۔
کمیشن کی رپورٹ کو اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ اگلے پانچ سالوں کے لیے مرکز اور ریاستوں کے درمیان ٹیکس محصولات، گرانٹس اور مالیاتی ڈھانچے کے اشتراک کے لیے رہنما اصول طے کرے گی۔ اس سے مالی سال 2030تا31 تک ریاستوں کے حصہ اور مالی وسائل کی دوبارہ تقسیم پر اثر پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ فنانس کمیشن کی تشکیل آئین کے آرٹیکل 280 کے تحت کی گئی ہے، اور اس کی بنیادی ذمہ داری مرکز اور ریاستوں کے درمیان مالی وسائل کی مساوی تقسیم کی سفارش کرنا ہے۔ 16ویں مالیاتی کمیشن کی رپورٹ اب مرکزی حکومت کو نظرثانی کے لیے پیش کی جائے گی، جس کے بعد اس کے نفاذ کا عمل آگے بڑھے گا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی