
جموں, 17 نومبر (ہ س)۔ ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے حساس خفیہ اطلاعات کے بعد ضلع بھر میں کھاد فروشوں کی جانچ اور توثیق کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ بعض کیمیائی مادّوں کا غلط استعمال تخریبی سرگرمیوں میں ہوسکتا ہے، جس کے پیش نظر پولیس نے یہ کارروائی شروع کی۔
ایس ایس پی ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایت پر تمام پولیس اسٹیشنوں اور پولیس پوسٹوں کی ٹیموں نے کھاد کی دکانوں، ہول سیل مراکز، گوداموں اور اسٹوریج سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران اسٹاک رجسٹر، فروخت کے ریکارڈ، ٹرانسپورٹ اسناد اور خریداری دستاویزات کی جانچ کی گئی تاکہ کسی بے ضابطگی یا مشکوک سرگرمی کا سراغ لگایا جاسکے۔
پولیس نے ڈیلروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریکارڈ درست رکھیں، خریداروں کی شناخت کی تصدیق کریں اور کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک خریداری کی فوری اطلاع دیں۔
پولیس کے مطابق یہ جانچ مہم آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں۔ڈوڈہ پولیس نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے اور تخریبی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر