
دہشت گردی نے گزشتہ 35 برسوں میں خطے کو بدترین تباہی سے دوچار کیا ہے ۔ سریندھر چودھری
جموں، 15 نومبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے نوگام پولیس اسٹیشن میں ہونے والے ہلاکت خیز دھماکے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر مبنی دہشت گردی نے گزشتہ 35 برسوں میں خطے کو بدترین تباہی سے دوچار کیا ہے اور اب اس کا خاتمہ بے حد ضروری ہو چکا ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالا ہوکر ایک مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کی رات نوگام میں اُس وقت شدید دھماکہ ہوا جب حکام وائٹ کالر ٹیرر ماڈیول کیس میں ضبط کیے گئے بارودی مواد کے نمونے اکٹھا کر رہے تھے۔ اس واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوئے جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ سریندر چودھری نے کہا کہ تین دہائیوں کی دہشت گردی نے ریاست کو انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر تباہی، نقل مکانی اور عوامی مشکلات سے دوچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی خصوصی حیثیت ختم ہونا، یونین ٹیریٹری میں تبدیلی اور منتخب حکومت کی قوت متاثر ہونا بھی انہی حالات کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے وائٹ کالر ٹیرر ماڈیول میں چند ڈاکٹروں کی گرفتاری کے تناظر میں کہا کہ کوئی والدین اپنے بچوں کو دہشت گردی یا منشیات کی راہ پر جاتے نہیں دیکھنا چاہتے، اور ایسے بچوں کے اعمال کی سزا بے گناہ خاندانوں کو دینا درست نہیں۔چودھری نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ الزام تراشی کے بجائے سیاسی قیادت متحد ہوکر ایسی حکمتِ عملی وضع کرے جو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی راہ ہموار کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوگام دھماکہ آخری سانحہ ثابت ہو اور جموں و کشمیر کے عوام اب پُرامن زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر