
بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش تقریب میں شامل ہونے کے لیے وزیر اعظم آج گجرات کے دورے پر، ریاست کو 9,700 کروڑ کا تحفہ دیں گے
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔ جن جاتیہ گورو دیوس (قبائلی یوم فخر) کی تقریب میں شرکت کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو گجرات کے دورے پر رہیں گے۔ اس دوران وہ نرمدا ضلع میں 9,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں قبائلی فلاح، بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
بھگوان برسا منڈا کی 150ویں جینتی کی تقریب میں شرکت کے لیے گجرات کے دورے پر پہنچ رہے وزیر اعظم مودی آج دوپہر تقریباً 12.45 بجے نرمدا ضلع کے دیوموگرا مندر میں پوجا ارچنا کریں گے۔ دوپہر تقریباً 2.45 بجے وہ ڈیڈیاپاڑا کے ایک عوامی پروگرام میں شامل ہوں گے۔ یہاں وہ متعدد منصوبوں کا آغاز کریں گے۔
ان میں وزیر اعظم جن جاتیہ آدیواسی نیائے مہا ابھیان (پی ایم جن من) اور دھرتی آبا جن جاتیہ گرام اتکرش ابھیان (ڈی اے جگوا) کے تحت بنے ایک لاکھ گھروں کا گرہ پریش (گھروں میں داخلہ) شامل ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 1,900 کروڑ روپے کی لاگت والے 42 ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول، ڈبروگڑھ میں آسام میڈیکل کالج میں ایک قابلیت مرکز اور قبائلی ثقافت کے تحفظ کے لیے امپھال میں ایک ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کا بھی افتتاح شامل ہے۔
وزیر اعظم گجرات کے 14 قبائلی ضلعوں میں کنیکٹیویٹی بہتر بنانے کے لیے 250 بسوں کو ہری جھندی دکھائیں گے۔ وہ قبائلی علاقوں میں 748 کلو میٹر نئی سڑکوں اور ڈی اے جگوا کے تحت 14 ملٹی مارکیٹنگ مراکز کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پی ایم مودی 2,320 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے 50 نئے ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کی بھی بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم سورت میں زیر تعمیر بلیٹ ٹرین اسٹیشن کا بھی دورہ کریں گے اور ممبئی احمد آباد ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور (ایم اے ایچ ایس آر) کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن