
وزیر اعظم مودی نے برسا منڈا جینتی اور جھارکھنڈ یوم تاسیس پر نیک خواہشات پیش کیں
نئی دہلی، 15 نومبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو بھگوان برسا منڈا کی 150 ویں جینتی اور جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر ملک کے شہریوں کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع قبائلی معاشرے کی فخر آمیز روایات، ان کے حوصلے اور ملک کے لیے دی گئی قربانیوں کو یاد کرنے کا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ برسا منڈا کی وراثت پورے ملک کو خود اعتمادی اور جدوجہد کی تحریک دیتی ہے، جبکہ جھارکھنڈ کی ثقافتی شناخت ملک کی تنوع کو اور مضبوط کرتی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دو مختلف پوسٹس کے ذریعے نیک خواہشات پیش کیں۔ ان میں وزیر اعظم مودی نے ملک کے عظیم مجاہد آزادی بھگوان برسا منڈا کو ان کے 150 ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی یوم فخر پر پورا ملک مادر وطن کے وقار کی حفاظت کے لیے برسا منڈا کے انمول کردار کو یاد کر رہا ہے۔ غیر ملکی حکمرانی کے ظلم و ستم کے خلاف ان کی جدوجہد آنے والی ہر نسل کے لیے تحریک کا باعث رہے گی۔
ایک دوسری پوسٹ میں وزیر اعظم نے جھارکھنڈ کے یوم تاسیس پر صوبے کے شہریوں کو نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی ثقافت سے مالا مال یہ صوبہ حوصلے، جدوجہد اور خود اعتمادی کی کہانیوں سے بھرا ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے بھگوان برسا منڈا کی زمین جھارکھنڈ کی ترقی اور خوشحالی کی تمنا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن