
علی گڑھ، 15 نومبر(ہ س)۔
اے ایم یو پالی ٹیکنک میں روبو کلب کی اورینٹیشن تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پروفیسر گلریز نے روبوٹکس، آٹومیشن اور اختراع کی تکنیکی تعلیم میں اہمیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ کو عملی طور پر سیکھنے، ٹیم ورک اور تخلیقی مسئلہ حل کرنے کی ترغیب دی۔
مہمانانِ خصوصی میں پروفیسر اکرام خاں (الیکٹرانکس انجینئرنگ، زیڈ ایچ سی ای ٹی) اور پروفیسر محمد وسیم علی (شعبہ قانون) شامل تھے، جنہوں نے طلبہ کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اپنانے اور تجزیاتی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ہدایت دی۔
پالی ٹیکنک کے پرنسپل پروفیسر مجیب احمد انصاری نے کہا کہ تکنیکی کلب کلاس روم اور عملی دنیا کے درمیان رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
روبو کلب کے صدر ڈاکٹر محمد محسن خاں نے معزز مہمانوں اور طلبہ کا خیرمقدم کیا اور کلب کی بحالی کے پس منظر اور وژن پر روشنی ڈالی۔
بعد ازاں مسٹر محمد شاہ زیب نے کلب کی تاریخ، مقاصد اور مستقبل کی حکمتِ عملی کا تعارف پیش کیا، جبکہ فیکلٹی ایڈوائزر نے طلبہ کی تیاری اور عملی تربیت کی اہمیت پر گفتگو کی۔
مسٹر ندیم نے کلب کی ٹیم، رضاکاروں اور کوآرڈینیٹرز کی خدمات کو سراہا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ