
اے ایم یو کے شعبہ شِیعہ دینیات میں توسیعی لیکچر کا انعقاد
علی گڑھ، 15 نومبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ شیعہ تھیالوجی میں ایک خصوصی ایکسٹینشن لیکچر منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت پدم شری پروفیسر حکیم سید ظل الرحمن نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی امریکہ میں مقیم ممتاز معالج اور کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر آفتاب حسین (ایم ڈی) تھے، جو تقریباً پچاس برس سے امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر آفتاب حسین نے امریکہ میں مسلمانوں کے سماجی، فکری اور سیاسی تجربات کا جامع تجزیہ پیش کیا۔ انہوں نے دو جماعتی سیاسی نظام، مذہبی آزادی اور مکالمہ و مباحثے کی کھلی فضا کو اسلام کے تعارف کے لیے سازگار بتایا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں اظہارِ رائے اور مباحثے کی آزادی اسلام کے مثبت پیغام کو سمجھنے اور قبول کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔ ڈاکٹر حسین نے اے ایم یو سے اپنی طویل وابستگی اور ابن سینا اکیڈمی کی علمی خدمات کی بھی تعریف کی۔ مہمانانِ خصوصی پروفیسر سید طیّب رضا نقوی (سابق چیئرمین) اور پروفیسر محمد راشد (چیئرمین شعبہ سنّی تھیالوجی) نے کہا کہ انسانی زندگی کا ضابط حیات صرف خالقِ کائنات ہی وضع کر سکتا ہے، اور اسلام وہ فطری نظامِ ہدایت ہے جو انسانی سرشت کو خدائی حکمت سے ہم آہنگ کرتا ہے۔
ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی، پروفیسر محمد حبیب اللہ نے قرآن کی روشنی میں انسانی وقار، اخلاقی اقدار اور فطرتِ انسانی کے اصولوں پر اظہارِ خیال کیا۔ پروگرام کے مرکزی منتظم شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی تھے، جبکہ خیرمقدمی کلمات ڈاکٹر رضا عباس نے پیش کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ