
جموں، 15 نومبر(ہ س)۔
ادھمپور ضلع میں منشیات کے کاروبار کے خلاف جاری مہم کے تحت پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے نرسو گاؤں، چنینی میں ایک زیرِ حراست منشیات اسمگلر کی رہائشی اور تجارتی املاک کو مسمار کر دیا۔ کارروائی میں مکھن دین نامی ملزم کی پانچ تجارتی تعمیرات اور ایک رہائشی مکان شامل تھا، جنہیں منشیات کی کمائی سے بنایا گیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق مکھن دین ایک عادی مجرم ہے اور گزشتہ برس تھانہ رہمبل میں درج ایک مقدمے میں ملوث پایا گیا تھا۔ منشیات کی مسلسل سرگرمیوں کے باعث اسے پی آئی ٹی این ڈی پی ایس کے تحت نظر بند کیا گیا تھا اور وہ اس وقت کوٹ بھلوال جیل میں قید ہے۔ تفتیش میں یہ بھی ثابت ہوا کہ ملزم نے سرکاری زمین پر ناجائز قبضہ کرکے کروڑوں روپے مالیت کی تعمیرات کھڑی کی تھیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات کے نیٹ ورک کی مالی بنیاد کو کمزور کرنے کے لیے ایسی غیر قانونی جائیدادوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ایک علیحدہ کارروائی میں تھانہ مجالتہ پولیس نے پنجاب کے شہر امرتسر سے تعلق رکھنے والے مبینہ منشیات فروش وکرم جیت کمار کی جائیداد بھی ضبط کر لی۔ تحقیقات کے مطابق ملزم نے منشیات کی کمائی سے ایک ڈپلکس رہائشی مکان خریدا تھا، جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے۔ مذکورہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ضلع ادھمپور میں رواں برس کے دوران منشیات سے متعلق مقدمات میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 62 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد ضبط یا مسمار کی جا چکی ہے، جو منشیات کے خاتمے کے لیے جاری کریک ڈاؤن کا اہم حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر