

مغربی سنگھ بھوم، 13 نومبر (ہ س)۔ ضلع مغربی سنگھ بھوم کے جھینکپانی تھانہ کی حدود میں واقع چاڈاباسا گاوں میں محکمہ ایکسائز نے جمعرات کی صبح ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے غیر قانونی شراب تیار کرنے والی ایک منی فیکٹری کا انکشاف کیا۔ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی اس چھاپہ ماری میں سیکڑوں لیٹر تیار غیر قانونی شراب، بڑی مقدار میں اسپرٹ، خالی بوتلیں، ڈھکن، ریپر اور دیگر سامان ضبط کیا گیا۔ موقع پر موجود فیکٹری کو محکمہ ایکسائز کی ٹیم نے منہدم کر دیا۔
اس سلسلے میں چائیباسا کے محکمۂ ایکسائز کے سپرنٹنڈنٹ اروند کمار نے بتایا کہ جمعرات کی صبح تقریباً چار بجے محکمہ کی ٹیم جھینکپانی تھانہ علاقے کے چاڈاباسا گاوں پہنچی۔ دیہی علاقے کے درمیان واقع ایک پرانے مکان میں غیر قانونی شراب سازی کی سرگرمیوں کی تصدیق ہونے پر ٹیم نے چھاپہ ماری شروع کی۔ تلاشی کے دوران مکان کے اندر شراب بنانے کی ایک منی فیکٹری پائی گئی، جہاں سے 101 پیٹیاں تیار غیر قانونی شراب، تقریباً 500 لیٹر اسپرٹ، ہزاروں خالی بوتلیں، ڈھکن، ریپر اور پیکنگ کا سامان برآمد کیا گیا۔
افسروں کے مطابق ضبط کی گئی شراب کی تخمینی بازار قیمت تقریباً 20 سے 22 لاکھ روپے لگائی گئی ہے۔ فیکٹری کا انتظام کون چلا رہا تھا، اس کی معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش جاری ہے۔ محکمۂ ایکسائز نے جائے وقوعہ سے کئی مشتبہ اشیا اور دستاویزات بھی ضبط کیے ہیں۔
ٹیم میں محکمۂ ایکسائز کے انسپکٹر، جھینکپانی تھانہ پولیس، مسلح افواج کے جوان اور دیگر افسران شامل تھے۔ بتایا گیا کہ یہ فیکٹری طویل عرصے سے علاقے میں غیر قانونی شراب کی سپلائی کر رہی تھی۔ آس پاس کے گاوں میں بھی اس گروہ کے نیٹ ورک کی جانچ کی جا رہی ہے۔
محکمۂ ایکسائز نے بتایا کہ ضلع میں غیر قانونی شراب کے خلاف خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں دیگر مشتبہ ٹھکانوں پر بھی اسی طرح کی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن