
ترقی اور نظم و نسق کے مسائل پر نوجوان اور خواتین ووٹر متحد : دھرمیندر پردھان
پٹنہ، 10 نومبر (ہ س)۔ بہار اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں منگل کو صبح 7 بجے سے 20 اضلاع کی 122 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے لیکن اس سے پہلے ہی دوسرے مرحلے کی ووٹنگ سے ایک دن قبل پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے بہار انتخاب کے انچارج دھرمیندر پردھان نے میڈیا سے بات چیت میں جیت کا دعویٰ کیا۔ مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی اور للن سنگھ نے بھی یقین دلایا کہ ریاست میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی ایک بار پھر حکومت بنے گی۔
دھرمیندر پردھان نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ترقی اور قانون و انتظام کے مسائل پر نوجوان اور خواتین ووٹر متحد ہو جاتے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ہماری قیادت ان کی خواہشات کو پورا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا وژن اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کا تجربہ بہار کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔ اس بار امید ہے کہ تمام توقعات پوری ہوں گی۔
دھرمیندر پردھان نے کہا کہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے قومی صدر اور ریاست کے موجودہ وزیراعلیٰ نتیش کمار ہی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہوں گے، اس بارے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ اسی دوران مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی نے بھی بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کی جیت کے بارے میں بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’بہار میں ہمارے 160 امیدوار جیتیں گے۔ زبردست اکثریت سے یہاں این ڈی اے کی حکومت بنے گی۔ پہلے مرحلے میں تقریباً 65 فیصد ووٹنگ ہوئی، جس میں زیادہ تر ووٹ خواتین نے دیے ہیں۔ خواتین کے لیے نتیش کمار نے بہت کام کیا ہے۔ اس سے سب پرجوش ہو کر ووٹ دیا۔ اس سے ہم سمجھتے ہیں کہ دو تہائی (2/3) ووٹ ہمارے حق میں گئے ہیں۔‘‘
دوسری جانب، مرکزی وزیر راجیو رنجن (للن سنگھ) نے کہا کہ اپوزیشن کے لوگوں کو باتیں بنانے کی عادت ہے۔ پہلے مرحلے کے انتخاب میں وہ کہیں نظر نہیں آئے۔ 121 نشستوں میں وہ دکھائی بھی نہیں دیں گے۔ طنز کرتے ہوئے کہا کہ 15 سال میں ان (تیجسوی یادو) کے والدین نے بہت کام کیا تھا۔ بہار میں سڑکوں کو گڑھوں میں بدل دیا تھا، پورے بہار کو اندھیرے میں رکھا تھا، کہیں بجلی نہیں تھی، شام کے بعد کوئی بھی گھر سے باہر نکلنا نہیں چاہتا تھا۔ انہوں نے 15 سال میں یہ سب کچھ کیا۔
قابل ذکر ہے کہ دوسرے مرحلے میں گیا جی، کیمور، روہتاس، اورنگ آباد، ارول، جہان آباد، نوادہ، بھاگلپور، بانکا، جموئی، ستامڑھی، شیوہر، مدھو بنی، سپول، پورنیہ، ارریہ، کٹیہار، کشن گنج، مشرقی چمپارن (موتیہاری)، مغربی چمپارن (بیتیا) میں منگل کی صبح سے ووٹنگ ہوگی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن