
جموں کے بشنہ علاقے میں ایک شخص پراسرار حالت میں آگ میں لپٹا ہوا پایا گیا
جموں، 10 نومبر (ہ س)۔ جموں کے بشنہ رنگ روڈ کے نزدیک واقع کوٹلی میاں فتح علاقے میں پیر کی صبح اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب ایک 55 سالہ شخص کو پراسرار حالات میں آگ کی لپیٹ میں جلتا ہوا پایا گیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت پورن چند ولد دیو راج ساکن وارڈ نمبر 2 دیوی دواڑا مندر، آر ایس پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔ واقعے کے وقت مقامی لوگوں نے اُسے آگ میں جھلستا ہوا دیکھا اور فوراً پولیس کو مطلع کیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اسٹیشن میران صاحب کی ٹیم، ایس ایچ او کی قیادت میں موقع پر پہنچی، مقامی افراد کی مدد سے آگ پر قابو پایا اور جھلسے ہوئے شخص کو تشویشناک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) جموں منتقل کیا۔ اس واقعے کے بعد فارنسک سائنس لیبارٹری کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، جبکہ پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ آیا یہ واقعہ خودسوزی کا نتیجہ ہے یا کسی مجرمانہ سازش کا حصّہ ہے۔
پولیس نے عوام اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات یا قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور حقائق سامنے آنے تک سرکاری تفتیشی رپورٹ کا انتظار کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر