

(ترمیم شدہ) بہار کے سارن ضلع کے مانس نیا پاناپور-42 پٹی گاوں میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد ہلاک
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی
پٹنہ، 10 نومبر (ہ س)۔
بہار کے سارن ضلع کے عقیل پور تھانہ علاقے کے مانس نیا پاناپور-42 پٹی گاوں میں اندرا آواس یوجنا کے تحت بنا ایک پرانا مکان اچانک منہدم ہوگیا۔ ملبے کے نیچے دب کر ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت ہوگئی۔
مرنے والوں میں 32 سالہ ببلو خان، ان کی اہلیہ 30 سالہ روشن خاتون، 12 سالہ بیٹی رخسار، 10 سالہ بیٹا محمد چاند اور سب سے چھوٹی دو سالہ چاندنی شامل ہیں۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد پورا خاندان معمول کے مطابق سو گیا تھا۔ اچانک مکان گرنے سے چاروں طرف چیخ و پکار مچ گئی۔ آس پاس کے لوگ دوڑ کر موقع پر پہنچے اور ہاتھوں سے ملبہ ہٹانے لگے۔ کسی نے فوراً پولیس کو اطلاع دی۔عقیل پور پولیس موقع پر پہنچی اور راحت و بچاو کارروائی شروع کی، لیکن جب تک تمام افراد کو ملبے سے نکالا گیا، وہ دم توڑ چکے تھے۔ تمام کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے سب کو مردہ قرار دے دیا۔
سارن کے وریہ پولیس سپرنٹنڈنٹ کمار آشیش نے بتایا کہ رات تقریباً 9.30 بجے تھانہ عقیل پور کے تحت گاوں مانس میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی دردناک موت ہو گئی۔ واقعہ کی اطلاع تھانہ عقیل پور کو رات تقریباً 9.45 بجے ملی، جس کے بعد پولیس فورس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر راحت اور بچاو کا کام شروع کیا۔
کمار آشیش نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ اینٹ اور سیمنٹ کی پکی چھت والا مکان تقریباً 25 سے 30 سال پرانا بتایا جا رہا ہے۔ دیر رات اچانک مکان کی چھت گر جانے سے یہ حادثہ پیش آیا، جس میں پانچ افراد کی جان چلی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام مہلوکین کی جانچ (موت کے معائنے) کی کارروائی مکمل کر کے پوسٹ مارٹم کے لیے داناپور، پٹنہ بھیج دیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ پر مقامی انتظامیہ اور پولیس فورس کی موجودگی میں تمام ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ فی الحال امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول پر ہے اور ضروری کارروائی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے عقیل پور تھانہ علاقے کے گاوں مانس نیا پاناپور- 42 پٹی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے مکان مالک سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متوفیان کے لواحقین کے تئیں دلی تعزیت پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔ انہوں نے پرارتھنا کی کہ یشور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کو اس صدمے کی گھڑی میں صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن