
کوالالمپور، 10 نومبر (ہ س)۔ تھائی لینڈ اور ملیشیا کی سرحد کے قریب روہنگیا برادری کے افراد کو لے جانے والی ایک کشتی ڈوبنے سے تقریباً 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ملیشیا کے حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کشتی میں تقریباً 70روہنگیا افراد سوار تھے، جب کہ دوسری کشتی میں تقریباً 230 مسافر سوار تھے۔ تاہم دوسری کشتی میں سوار مسافروں کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔
ملیشیا کی میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی کے ایک اہلکار نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ریسکیو ٹیم نے سات لاشیں نکال لی ہیں جبکہ 13 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔دریں اثنا، تھائی حکام نے اس سے قبل اطلاع دی تھی کہ ان کی امدادی ٹیموں نے چار لاشیں نکال لی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 230 مسافروں کو لے جانے والی دوسری کشتی کی تلاش جاری ہے، لیکن ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ یہ کشتی میانمار کے شہر بوتھیدانگ سے روانہ ہوئی تھی۔
میانمار میں فوجی بغاوت کے بعد سے روہنگیا برادری خطرے میںہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں افراد سمندری راستے سے ملیشیا اور دیگر ممالک میں پناہ لینے کی کوشش کرنے پر مجبور ہیں۔ تاہم بہت سی کشتیاں خراب موسم یا اسمگلروں کی غفلت کے باعث ڈوب جاتی ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی ممالک سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد