نئی دہلی، 9 اکتوبر (ہ س): نو مقرر کردہ نوجوان ہندوستانی ون ڈے کپتان شبھمن گل نے جمعرات کو کہا کہ وہ ون ڈے ٹیم کی کپتانی سنبھالتے ہوئے اپنے پیشرو روہت شرما کی پرسکون طبیعت اور ڈریسنگ روم میں بنے اتحاد کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
پہلے ہی ہندوستان کے ٹیسٹ کپتان، 25 سالہ گل آسٹریلیا کے دورے کے ساتھ ون ڈے کپتانی کا آغاز کریں گے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز 19 سے 25 اکتوبر تک کھیلی جائے گی۔ میں روہت بھیا کی پرسکون طبیعت اور ان کی ٹیم میں دوستانہ ماحول کو اپنانا چاہتا ہوں۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں تجربہ کار 15 اکتوبر کو آسٹریلیا روانہ ہونے سے قبل ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔روہت اور کوہلی اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں دستیاب ہوں گے، کیونکہ وہ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔ گل نے کہا، ان دونوں نے ہندوستان کے لیے بہت سے میچ جیتے ہیں۔ بہت کم کھلاڑیوں کے پاس اتنی مہارت اور تجربہ ہے۔ ہمیں ان کی ضرورت ہے۔
ون ڈے کپتان مقرر ہونے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے گل نے کہا، یہ ایک اعزاز کی بات ہے۔ اس کا اعلان پہلے ٹیسٹ (احمد آباد میں) کے بعد کیا گیا تھا، لیکن مجھے کچھ پہلے بتایا گیا تھا۔ گل نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں بھی بات کی، جنہیں ہندوستانی کرکٹ میں ہونے والی تبدیلیوں کا معمار سمجھا جاتا ہے۔ گِل نے کہا، ہمارے اچھے تعلقات ہیں۔ ہم اکثر اس بات پر بات کرتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول کیسے فراہم کیا جائے۔ ہم تیز گیند بازوں کا ایک مضبوط پول بنانے پر بھی بات کرتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی