نئی دہلی، 9 اکتوبر (ہ س): 2024 کے ہتھیاروں کی اسمگلنگ کیس میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے، قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے ویشالی ضلع، بہار میں ایک ملزم کے گھر سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا ہے۔
بدھ کے روز، ایجنسی نے ملزم سندیپ کمار سنہا عرف چھوٹو لال کے گھر کی تلاشی لی اور ایک 9 ایم ایم پستول، 18 زندہ کارتوس، دو پستول میگزین، ایک ڈبل بیرل 12 بور بندوق، 35 زندہ کارتوس، اور 4.21 لاکھ روپے نقد ضبط کیے۔
این آئی اے کے مطابق سندیپ مرکزی ملزم وکاس کمار کا قریبی ساتھی ہے اور غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کا سرگرم رکن ہے۔ یہ مقدمہ اصل میں بہار پولیس نے درج کیا تھا، جب ایک اے کے 47 رائفل اور زندہ کارتوس برآمد ہوئے تھے۔ این آئی اے نے اگست 2024 میں تحقیقات سنبھالی تھی۔ یہ معاملہ ناگالینڈ سے بہار کے مختلف حصوں میں غیر قانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ سے متعلق ہے۔
اس معاملے میں اب تک وکاس کمار، ستیم کمار، دیومنی رائے عرف انیش، اور محمد احمد انصاری کو گرفتار کر کے چارج شیٹ کیا جا چکا ہے۔ حال ہی میں ایک اور ملزم منظور خان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت پٹنہ کی بیور جیل میں بند ہے۔
این آئی اے نے کہا کہ اس معاملے میں مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد