نئی دہلی، 9 اکتوبر (ہ س)۔ شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے انڈیگو پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ پائلٹ کی تربیت میں مبینہ کوتاہیوں کے لئے اس کی پیرنٹ کمپنی انٹر گلوب ایوی ایشن لمیٹڈ پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ کمپنی اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
کمپنی نے ایک ریگولیٹری فائلنگ میں بتایا کہ اسے 26 ستمبر کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) سے جرمانے کے حوالے سے نوٹس موصول ہوا ہے۔ ایئر لائن پر پائلٹ کی تربیت میں مبینہ خامیوں پر 20 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا ہے۔ یہ جرمانہ ”کیٹیگری سی کے ہوائی اڈے پر پائلٹ کی تربیت کے لیے اہل سمیلیٹر کا استعمال کرنے میں مبینہ ناکامی کے لیے عائد کیا گیاہے۔
ایئر لائن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ڈی جی سی اے کے حکم کو مناسب اپیل اتھارٹی کے سامنے چیلنج کرنے پر غور کر رہی ہے۔ ایئرلائن نے کہا کہ اندرونی مواصلات میں تاخیر کی وجہ سے جرمانے کے بارے میں مطلع کرنے میں اتنا وقت لگ گیا۔ کمپنی نے کہا کہ ڈی جی سی اے کے حکم سے اس کی مالی حالت، کام یا دیگر سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ زمرہ 'سی' ہوائی اڈوں پر رسائی اور آپریشنل حالات عام طور پر چیلنجنگ ہوتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد