حیدرآباد ، 8 ۔اکتوبر۔(ہ س)۔ گروپ-1 امتحانات میں بے ضابطگیوں اور ناانصافی کے خلاف اور بے روزگار نوجوانوں کو انصاف کی فراہمی کے مطالبہ پر تلنگانہ جاگروتی کی جانب سے آج گن پارک میں دھرنا منظم کیا گیا۔ دھرنا کی قیادت تلنگانہ جاگروتی کی صدر کلواکنٹلہ کویتا نے کی۔ اس موقع پر جاگروتی کے سینکڑوں کارکنوں کے ساتھ ساتھ گروپ-1 امیدواروں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت کے رویہ کیخلاف سخت احتجاج درج کرایا
۔کلواکنٹلہ کویتا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گروپ-1 امیدواروں کو حوصلہ دینے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے ہی گن پارک میں دھرنا منظم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ-1 امتحان کو منسوخ کرنے کے مطالبہ کے ساتھ تلنگانہ جاگروتی نے پہلے ہی TGPSC کا محاصرہ کیا تھا لیکن حکومت نے اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ کانگریس قائدین اپنے خاندان کے افراد کو بونس ملازمتیں دے سکتے ہیں مگر انہیں عوام کو بوگس ملازمتیں نہیں دینی چاہئیں۔ راہول گاندھی دہلی سے حیدرآباد آکر بے روزگاروں سے ووٹ مانگے، لیکن اقتدار میں آتے ہی انہی نوجوانوں کو دھوکہ دیا۔آج تک جاب کیلنڈر جاری نہیں کیا گیا اور حکومت پرانی ملازمتوں کو نئے تقررات قرار دے کر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔کویتا نے واضح کیا کہ گروپ-1 امتحان کو غلط انداز میں منعقد کیا گیا ہے اور جب تک اس امتحان کو منسوخ نہیں کیا جاتا تحریک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے دانشوروں کو اب خاموشی توڑنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گروپ-1 امتحان پر ہرگوپال سر کو بھی لب کشائی کرنی چاہئے اور ضرورت پڑی تو وہ خود ہرگوپال سر سے ملاقات کریں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق