علی گڑھ, 8 اکتوبر (ہ س)۔ شعبہ انگریزی کے پی جی ڈسکشن گروپ کے زیر اہتمام ”انگریزی تدریس کے طریق ہائے کار، انداز اور تکنیک“ کے موضوع پر ایک سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ڈاکٹر ایم اے ایم شمیم، سابق صدر، شعبہ انگریزی زبان تدریس، ساؤتھ ایسٹرن یونیورسٹی آف سری لنکا نے بطور مہمان مقرر شرکت کی۔
ڈاکٹر شمیم نے انگریزی زبان کی تدریس (ای ایل ٹی) کے ارتقائی مراحل، ان کے اطلاقات اور جدید تدریسی ماڈلزجیسے فلِپڈ کلاس روم پر مفصل گفتگو کی۔ انہوں نے آن لائن اور ملے جلے تدریسی ماحول کے چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے اکیسویں صدی کے جدید، تخلیقی تدریسی طریقوں کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایس ایس ای - ٹپیک ماڈل پر مبنی ان کی حالیہ اشاعت کوای ایل ٹی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
قبل ازیں، پروفیسر شاہینہ ترنم (چیئرپرسن، شعبہ انگریزی) نے مہمان مقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے انگریزی زبان کی تدریس کے میدان میں شعبہ کی تاریخی خدمات پر روشنی ڈالی۔ پروفیسر راشد نہال نے مقرر کا تعارف کرایا۔ سیشن کی نظامت پروفیسر جاوید ایس احمد (کنوینر، پی جی ڈسکشن گروپ) نے کی، جب کہ اختتام پر ڈاکٹر منیر اے کے نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ