رامبن پولیس نے زابان ٹاپ میں درماندہ خانہ بدوشوں کو ریسکیو کیا
جموں، 8 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں پولیس نے ایک بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کے دوران زابان ٹاپ، بانہال میں شدید برف باری کے باعث پھنسے خانہ بدوش خاندانوں کو بحفاظت ریسکیو کر کے ایک بڑے انسانی جانوں کی ممکنہ سانحہ سے بچا لیا۔
اطلاعات ملتے ہی سب ڈویژنل پولیس آفیسر بانہال، اسٹیشن ہاؤس آفیسر بانہال، انچارج پولیس پوسٹ جواہر ٹنل اور اسپیشل آپریشن گروپ بانہال کی مشترکہ ٹیم نے دشوار گزار راستوں اور خراب موسم کے باوجود فوری ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ پولیس اہلکاروں نے برفانی ڈھلوانوں اور خطرناک زمینی حالات کا سامنا کرتے ہوئے ریاسی سے تعلق رکھنے والے آٹھ خانہ بدوش افراد کو ان کے مویشیوں اور سامان سمیت بحفاظت نکال کر محفوظ مقام تک پہنچا دیا۔
پولیس کے اس بروقت اور مؤثر اقدام نے قیمتی انسانی جانوں اور مویشیوں کے ضیاع کو روکا، جس پر مقامی لوگوں نے اطمینان اور شکریہ کا اظہار کیا۔ یہ آپریشن ضلع پولیس رامبن کی عوامی خدمت، فرض شناسی اور بلند حوصلے کی بہترین مثال ہے، خاص طور پر ان دشوار گزار اور بلند مقامات پر جہاں موسم کی سختیاں اکثر خطرات کا سبب بنتی ہیں۔
ضلع پولیس نے عوام اور خانہ بدوش برادری سے اپیل کی ہے کہ موسمی واپسی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور برف باری کے خدشے والے راستوں سے سفر سے گریز کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر