جموں, 8 اکتوبر (ہ س)۔ ڈوڈہ پولیس نے دہشت گردی کے ایک اہم مقدمے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سرپنچ کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گرد عرفان علی ولد شفقت علی سکنہ کلہوتران، تحصیل گندوہ کو عدالت سے عمر قید کی سزا دلوائی۔ عدالت نے اسے تعزیراتِ ہند (رانبیر پینل کوڈ) کی دفعات 302 اور 34 کے علاوہ اسلحہ ایکٹ کی دفعہ 7/27 کے تحت جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی۔
یہ مقدمہ 4 جولائی 2002 کو گندوہ کے پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر نمبر 57/2002 کے تحت درج کیا گیا تھا، جب عرفان علی اور اس کے ساتھیوں نے ایک دہشت گرد تنظیم سے وابستگی رکھتے ہوئے چنگا گندوہ کے سرپنچ شیر محمد کو نہایت سفاکانہ طریقے سے قتل کر دیا تھا۔ واردات کے بعد ملزم طویل عرصے تک روپوش رہا۔
اس کیس کی باریک بینی سے تفتیش اُس وقت کے ایس ایچ او پولیس اسٹیشن گندوہ کی قیادت میں انجام دی گئی اور چالان 28 مئی 2019 کو پرنسپل سیشنز جج بھدرواہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم 2019 سے عدالتی حراست میں تھا۔
تقریباً چھ برس تک جاری رہنے والی عدالتی سماعت کے بعد سیشنز کورٹ بھدرواہ نے آج ملزم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی۔ اس مقدمے کی مؤثر پیروی چیف پراسیکیوٹنگ افسر بھدرواہ کے کے بندرال نے کی۔
ڈوڈہ پولیس کے ترجمان نے اس فیصلے کو دہشت گردی کے متاثرین کے لیے انصاف کی فراہمی اور ضلع میں امن و قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر