جوبلی ہلز میں پرامن رائے دہی کے انتظامات، ضابطہ اخلاق نافذحیدرآباد ، 8 ۔اکتوبر۔(ہ س)۔چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤکے شیڈول کی اجرائی کے بعد مختلف سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔بی جے پی، کانگریس، بی آر ایس، عام آدمی پارٹی، مجلس اور دیگر پارٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔چیف الیکٹورل آفیسر نے کہاکہ ضمنی چناؤ نئے انتخابی اصلاحات کے تحت منعقد کئے جائیں گے جسے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے متعارف کیاہے۔بہار اسمبلی انتخابات کے ساتھ ملک کی 8 اسمبلی نشستوں کے ضمنی چناؤ کااعلان کیا گیا ہے۔سدرشن ریڈی کے مطابق انتخابی اصلاحات کے نتیجہ میں شفافیت میں اضافہ ہوگااور رائے دہندوں کو سہولت ہوگی۔آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کو یقینی بنانا کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پولنگ اسٹیشنوں میں رائے دہندوں کی تعداد کو گھٹاکر 1200کردیا گیاہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر امیدواروں کی کلر فوٹو چسپاں کی جائے گی تاکہ رائے دہندے بہ آسانی شناخت کرسکیں۔ خواتین کی رائے دہی میں اضافہ کے لئے زائد تعداد میں خاتون پولنگ اسٹاف کو تعینات کیا جائے گا۔ معذورین اور سینئر سٹیزنس کے لئے ریامپ، وہیل چیئر اور گھر سے پولنگ بوتھ اور پھر گھر واپسی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ووٹنگ کے فیصد پر موبائیل ایپ کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی۔ آرٹیفیشل انٹلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ سدرشن ریڈی نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ گرین الیکشن کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ کاغذ کا استعمال کم ہو۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے مختلف محکمہ جات کی جانب سے تیاریوں کا جائزہ لیا اور سیاسی پارٹیوں کے آزادانہ اور منصفانہ چناؤ میں تعاون کی اپیل کی۔ اُنھوں نے سیاسی پارٹیوں کو انتخابی ضابطہ اخلاق پر پابند رہنے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سی ای او لوکیش کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن، ڈپٹی سی ای او ہری سنگھ، شریمتی ستیہ وانی اور دیگر شریک تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق