علی گڑھ, 8 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر جناب سعد حمید نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نامور کمپنیوں اور صنعت کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں اور اے ایم یو کے طلبہ کے لیے کیمپس پلیسمنٹ اور بین الاقوامی کریئر کے مواقع و امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران جناب سعد حمید نے جن نمایاں اداروں کے سربراہان سے بات چیت کی ان میں ایم اے جی لیوبریکینٹس، ای ایف ایس فیسیلٹیز سروسیز، ایم اے بی فیسیلٹی مینجمنٹ، لینڈ مارک گروپ، سوبھا کانسٹرکشنس، ڈیلی نوشنس، جنٹل پارک اور ایزی فیسیلٹی مینجمنٹ شامل تھے۔ تبادلہ خیال میں عالمی سطح پر ملازمت کے امکانات کو وسعت دینے، صنعتوں کے ساتھ اشتراک کو مضبوط بنانے اور اے ایم یو کے بین الاقوامی بھرتی نیٹ ورک کو فعال کرنے جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔ کئی کمپنیوں نے اپنی آئندہ بھرتی میں اے ایم یو کے طلبہ کو شامل کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ