علی گرھ, 8 اکتوبر (ہ س ) ۔ سٹی گرلز ہائی اسکول اے ایم یو کی دسویں جماعت کی 55 طالبات نے مس پاکیزہ خان اور مس عروجہ خان کی سربراہی میں اے ایم یو کے شعبہ طبیعیات میں قائم ہیریٹیج سائنس میوزیم کا دورہ کیا، جس کا مقصد طالبات کو سائنس، بالخصوص طبیعیات کے تاریخی ارتقاء سے روشناس کرانا تھا۔
طالبات نے میوزیم میں رکھے گئے نادر سائنسی آلات کا مشاہدہ کیا، جن میں دوربین، ویکیوم ٹیوب، گیلوانومیٹر،خوردبینیں، اینالاگ سرکلر کیلکولیٹر، میک لیوڈ گیجز اور گائیگر-مولر کاؤنٹرز شامل تھے۔ ڈاکٹر محمد شعیب اور جناب عاقب صدیقی نے طالبات کو سائنسی آلات کے کام کرنے کے اصولوں اور استعمالات سے واقف کرایا۔
اسکول کے پرنسپل مسٹر محمد جاوید اختر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی دورے طلبہ کو سائنس و ٹکنالوجی کی ترقی و اختراعات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ