سینے کی مہلک چوٹ کے شکار نوجوان کی کامیاب سرجری کر جان بچائی
علی گڑھ، 7 اکتوبر (ہ س)۔ اے ایم یو کے کارڈیو تھوراسک سرجری شعبہ کے ماہر ڈاکٹروں نے بلندشہر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ شدید زخمی لڑکے کی جان بچا ئی، جو ایک سڑک حادثے کا شکار ہوگیا تھا اور اس کا سینہ بری طرح زخمی ہوا تھا۔ یہ نوجوان انتہائی تشویشناک حالت میں ایک نجی اسپتال سے جے این ایم سی ریفر کیا گیا تھا۔ سانس لینے میں شدید تکلیف کے باعث وہ وینٹی لیٹر پر تھا۔ طبی معائنے میں انکشاف ہوا کہ لڑکے کی چھاتی کی ہڈی اور پسلیاں ٹوٹ کر دل اور خون کی اہم شریانوں پر دباؤ ڈال رہی تھیں جو ایک مہلک صورت حال تھی۔
فوری کارروائی کرتے ہوئے کارڈیو تھوراسک سرجری ٹیم نے اوپن ریڈکشن اور فکسیشن آپریشن کیا، جس میں ٹائٹینیم پلیٹ اور پیچ کے ذریعے سینے کی ہڈی اور پسلیوں کو دوبارہ جوڑ ا گیا تاکہ دل اور خون کی نالیوں پر دباؤ کم کیا جا سکے۔ بروقت سرجری کی بدولت مریض کو اسی دن وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا اور اس کی تیز رفتار بحالی ممکن ہوئی۔
سرجری کرنے والی ٹیم میں ڈاکٹر محمد اعظم حسین (چیئرمین، شعبہ کارڈیو تھوراسک سرجری)، ڈاکٹر سید شمائل ربانی اور ڈاکٹر عامر محمد شامل تھے جنھیں ڈاکٹر مناظر اطہر اور ان کی اینستھیسیا ٹیم نے معاونت فراہم کی۔ نرسنگ عملے میں مسٹر سہیل، سسٹر سونی، مسٹر ندیم، اور مسٹر رنکو شامل تھے اور سلمان، اسلم، عائشہ، اور کامران نے آپریشن تھیٹر میں مدد کی۔
پروفیسر محمد اعظم حسین نے اس سلسلہ میں کہا کہ سرجری، اینستھیسیا اور کریٹیکل کیئر ٹیموں کے درمیان بہترین ہم آہنگی اور فوری مداخلت نے اس نوجوان کی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈاکٹر سید شمائل ربانی نے کہا کہ اس نوعیت کی سرجری شمالی ہند کے بہت کم سرکاری مراکز میں کی جاتی ہے۔ ڈاکٹر عامر محمد نے کہا کہ جے این ایم سی میں یہ جدید طبی سہولیات انتہائی کم لاگت میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
پروفیسر حبیب رضا (ڈین و پرنسپل، جے این ایم سی) نے طبی ٹیم کو خطرناک صورتحال میں فوری اقدام پر سراہا، جبکہ ڈاکٹر امجد علی رضوی (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) نے اسے ادارے کے لیے قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شعبہ کارڈیو تھوراسک سرجری جدید علاج میں اپنی ساکھ کو مسلسل بہتر بنا رہا ہے، جو جے این ایم سی کے معیاری اور قابلِ رسائی طبی خدمات کا ثبوت ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ