حیدرآباد، 7 اکتوبر(ہ س)۔کسی نئے علاقہ میں جاتے وقت گوگل میپس کی مدد کتنی کارآمد ہوتی ہے، یہ بتانے کی ضرورت نہیں۔ کسی گاؤں یاشہرکا نام گوگل میپس میں درج کرتے ہی یہ ایپ آپ کو بتا دیتی ہے کہ آپ اس مقام سے کتنی دور ہیں، وہاں پہنچنے میں کتنا وقت لگے گااورراستہ کون ساہے۔اب یہی گوگل میپس اب تلنگانہ کے آر ٹی سی بسوں کی معلومات بھی فراہم کرنے والا ہے۔ اس میں شہر، ضلع اور بین الریاستی بسوں کے اوقات اور راستے بھی براہ راست نظر آئیں گے، جس سے مسافروں کا وقت کافی بچے گا اور عوامی ٹرانسپورٹ نظام مزید مؤثر بنے گا۔گوگل کمپنی نے تلنگانہ حکومت سے خواہش ظاہر کی کہ آر ٹی سی بسوں کی آمد و رفت کی معلومات گوگل میپس پر فراہم کی جائیں۔ اس سلسلہ میں آئی ٹی محکمہ نے آر ٹی سی منیجنگ ڈائریکٹر کو ایک مکتوب لکھا۔حال ہی میں گوگل کے ایک نمائندے نے آر ٹی سی ایم ڈی ناگی ریڈی سے ملاقات کر کے اس پرتفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے آر ٹی سی کی لائیو ڈاٹا شیئرنگ کی درخواست کی جس پر انتظامیہ نے مثبت ردعمل دیا۔ ایم ڈی نے آر ٹی سی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر منی شیکھر کو ہدایت دی کہ دیوالی تک یہ معلومات گوگل کو فراہم کر دی جائیں۔ ریاست میں آر ٹی سی بسوں میں جی پی ایس سہولت موجود ہے۔ ان بسوں کے لائیو ڈیٹا کو گوگل کے ساتھ شیئر کرنے سے گوگل میپس پر بسوں کی نقل و حرکت ہر وقت دیکھی جا سکے گی۔ ہر30 سکنڈ میں بس کی موجودہ لوکیشن اپ ڈیٹ ہوگی۔ ابتدا میں یہ سہولت سٹی بسوں کے لئے فراہم کی جائے گی، بعد میں ضلعی اور بین الریاستی سروسز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ایم ڈی ناگی ریڈی نے واضح کیا کہ تقریباً 9,500 بسوں کا لائیو ڈیٹا گوگل کو دیا جائے گا۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق