پٹنہ، 7 اکتوبر (ہ س)۔ بہارمیں سپول ضلع کے تروینی گنج-پپرا مین روڈ این ایچ 327 ای پر مسافروں سے بھری بس بے قابو ہو کر پلٹ گئی ۔ حادثے میں ایک مسافر کی موت ہو گئی، جبکہ ایک درجن دیگر زخمی ہو گئے۔ متوفی کی شناخت مہیشوا پنچایت کے وارڈ نمبر 11 رہائشی 38 سالہ سنتوش رام کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمیوں میں پپرا تھانہ علاقہ کے دینا پٹی وارڈ 14 رہائشی 16 سالہ سرسوتی کماری ، 22 سالہ کرشن کمار ٹھاکر، راگھوپور تھانہ علاقہ کے سمراہی دھرم پٹی وارڈ نمبر 9 رہائشی 30 سالہ ربینا خاتون، 7 سالہ محمد ارشد، جگت پور وارڈ نمبر 11 رہائشی 6 سالہ آیوش خاتون ، 45 سالہ عید محمد ، 40 سالہ سہانی خاتون، ترونی گنج تھانہ علاقہ کے مہیشوا وارڈ 11 رہائشی رنجو دیوی ، جدیا تھانہ علاقہ کے محرم پور بگھولی وارڈ ایک رہائشی 60 سالہ لکشمن مہتا، پپرا تھانہ علاقہ کے ہٹ بریا وارڈ 14 سالہ رہائشی 21 سالہ اجے کمار، جدیا تھانہ علاقہ کے بگھیلی وارڈ نمبر 9 رہائشی 30سالہ راجا کمار شامل ہے۔
پولیس کے مطابق سنتوش رام (متوفی) اپنی اہلیہ منجو دیوی کے ساتھ علاج کے لیے ڈاکٹر کے پاس جا رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق بس تروینی گنج سے سپول جا رہی تھی کہ اس نے کنٹرول کھو دیا اور این ایچ 327 ای پر بگلہ گاؤں کے قریب پانی بھرے کھیت میں الٹ گئی۔ حادثے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچی، پانی میں گھس کر بس کو سیدھا کیا، اور اس کے نیچے پھنسے لوگوں کو بچا لیا۔ بعد میں کرین اور جے سی بی کے ذریعے بس کو باہر نکالاگیا۔ پولیس کو حادثے کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او وبھاس کمار اور تھانہ انچارج راکیش کمار سمیت بڑی تعداد میں پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو تروینی گنج سب ڈویژنل اسپتال پہنچایا، جہاں فی الحال سبھی کا علاج چل رہا ہے۔ تھانہ انچارج راکیش کمار نے بتایا کہ لاشوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال سپول بھیج دیا گیا ہے۔ مسافر بس کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جسے جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan