بنگالی فن و ثقافت پر مبنی تقریب کا اہتمام
علی گڑھ، 7 اکتوبر (ہ س)۔ شعبہ جدید ہندوستانی زبانوں کے بنگالی سیکشن نے مولانا آزاد لائبریری کے کلچرل ہال میں ایک ثقافتی پروگرام بعنوان ”جیبون جاگے آنندے: زندگی کا جشن، خوشی کا جشن“، بنگالی سیکشن کی انچارج ڈاکٹر آمنہ خاتون کی رہنمائی میں منعقد کیا۔
تقریب کے معزز مہمانوں میں پروفیسر ٹی این ستھیسن (ڈین، فیکلٹی آف آرٹس اور چیئرمین، شعبہ جدید ہندوستانی زبانیں)، پروفیسر محمد وسیم علی (پراکٹر)، پروفیسر سیدہ نزہت زیبا (سابق ڈین، فیکلٹی آف آرٹس)، پروفیسر سلمیٰ احمد (چیئرپرسن، شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن) اور جناب جانی فوسٹر شامل تھے۔
پروفیسر ٹی این ستھیسن نے اپنے خطاب میں بنگالی ثقافت اور موسیقی کی خوبصورتی اور گہرائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بنگالی ثقافتی روایت، آنندیعنی فرحت کے فلسفے کی نمائندگی کرتی ہے۔ رابندر ناتھ ٹیگور کی نغمگی، قاضی نذرالاسلام کی انقلابی شاعری، لالن فقیر کی عوامی دانائی، اور رقص و موسیقی کی رنگا رنگی کے ذریعے بنگالی فن زندگی کی خوشیوں اور روحانی سکون کا اظہار کرتا ہے۔
پروفیسر محمد وسیم علی نے اس موقع پر طلبہ سے کہا کہ وہ بنگالی کے عظیم مفکرین اور ادیبوں کی زندگی اور ان کی تخلیقات کا مطالعہ کریں تاکہ ان کی ذاتی اور علمی ترقی ہو۔ پروفیسر سلمیٰ احمد نے بنگال کی ثقافتی ذخیرہ کا ذکر کرتے ہوئے ہوئے طلبہ کو مثبت فکر، شائستگی اور قناعت کو زندگی کا وطیرہ بنانے کی نصیحت کی۔
پروفیسر زیبا نے ڈاکٹر آمنہ خاتون کی کاوش کو سراہا جن کے ذریعے بنگالی ثقافت کی روح کو اے ایم یو میں زندہ رکھا جا رہا ہے۔
تقریب کا آغاز منظرہ خاتون کی رابندر سنگیت سے ہوا، جس کے بعد فضا افروز نے ایک پراثر نظم کے ذریعے بانیئ درسگاہ سرسید احمد خاں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ رفعت زہرہ، میر مسعود الحق، شارق قمر، غلام سرور اور ڈاکٹر غلام فرید صابری کی دِل کو چھو لینے والی موسیقی نے سامعین کومحظوظ کیا۔ ان کے علاوہ مبصر خان اور درخشاں پروین نے اپنی لکھی ہوئی نظمیں پیش کیں، جبکہ محمد فارق صابری کی موسیقی ریز پیشکش نے حاضرین کو کافی متاثر کیا۔ جانی فوسٹر نے اپنے اشعار پیش کئے۔ اسی طرح شاداب نے مونولاگ پیش کیا۔ ابو عاصم کے تحریر کردہ اور پیش کردہ ڈرامے سے حاضرین محظو ظ ہوئے۔
ثقافتی تقریب کے انعقاد میں عفہ، مازیہ، اسنیہا، رقیہ، سنی پرنس، سبیکن اور بنگالی سیکشن کے دیگر اراکین نے تعاون کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ