دہرادون، 6 اکتوبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ میں آج موسم نے ایک بار پھر کروٹ لی ہے۔ کئی اونچائیوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ ریاستی موسمیاتی مرکز نے ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش اور اونچائیوں پر برف باری کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اترکاشی، رودرپریاگ، چمولی، پتھورا گڑھ، باگیشور،ٹہری، دہرادون اور ہریدوار اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ 4000 میٹر اور اس سے زیادہ کی بلندی والے علاقوں میں برف باری کے لیے بھی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ محکمہ نے عوام سے ہوشیار اور محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی ریاست میں بارش اور برفباری کا امکان برقرار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے الرٹ کی روشنی میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تمام اضلاع سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار علاقوں میں خصوصی چوکسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد