علی گڑھ, 6 اکتوبر (ہ س)۔
اے ایم یو کے شعبہ میوزیولوجی کے صدر پروفیسر عبدالرحیم کے نے انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمز (آئی کوم) انڈیا کی نمائندگی کرتے ہوئے سارک ہیریٹیج فورم میں شرکت کی، جو حال ہی میں کولمبو، سری لنکا میں منعقد ہوئی۔ سری لنکا کی وزیر اعظم کی سرپرستی میں منعقدہ اس پروگرام میں سارک کے سات رکن ممالک کے 13 ماہرین ورثہ نے شرکت کی۔
پروفیسر عبدالرحیم نے ثقافتی ورثے کے تحفظ میں تعلیمی اشتراک و تعاون، عوامی شمولیت اور تکنیکی جدت کی اہمیت پر زور دیا۔ ان کی شرکت نے میوزیولوجی اور تحفظ کے شعبوں میں بین شعبہ جاتی تحقیق کے فروغ میں اے ایم یو کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فورم جنوبی ایشیا کے مشترکہ ثقافتی ورثے کے تحفظ اور پائیدار بندوبست کے لیے پالیسی سازوں، ماہرین اور اسکالرز کو ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
اجلاس کی ایک اہم دستیابی یہ رہی کہ سارک ہیریٹیج لسٹ کے قیام کی اجتماعی حمایت کی گئی، جو کہ مندروں، مساجد، درگاہوں، استوپاؤں، مخطوطات، عجائب گھر کی نوادرات، آثار قدیمہ کے ریکارڈز، کتبے اور روایتی علمی نظاموں پر مشتمل ایک جامع علاقائی فہرست ہوگی۔ اس کا مقصد نہ صرف دستاویز بندی اور تحفظ ہے بلکہ ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ دینا ہے۔ مندوبین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مرئی اور غیرمرئی ورثے جیسے فنون، رسم و رواج اور روایتی ہنر کی حفاظت انتہائی ضروری ہے، جو سارک ممالک کو تاریخی اور فنی پہلوے سے ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں۔
سارک کٹھمنڈو سربراہی اجلاس 2014 کی قرارداد کی توثیق کرتے ہوئے اجلاس میں مندوبین نے جنوبی ایشیا کے ثقافتی اداروں کو مستحکم کرنے کی بھی حمایت کی، جن میں تبادلہ پروگرام، مشترکہ نمائشیں، اور ہیریٹیج ماہرین، فنکاروں اور کیوریٹرز کے لیے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد شامل ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ