جے این میڈیکل کلاج میں عالمی ریبیز ڈے پر بیداری پروگرام کا اہتمام
علی گڑھ, 6 اکتوبر (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ میڈیسن نے عالمی ریبیز ڈے کے موقع پر ایک بیداری پروگرام اور عوامی رابطہ مہم کا اہتمام کیا، جس کا مقصد ریبیز جیسے مہلک مگر مکمل طور پر قابل انسداد مرض سے بچاؤ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا
ورلڈ ریبیز ڈے


علی گڑھ, 6 اکتوبر (ہ س)۔

جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے شعبہ میڈیسن نے عالمی ریبیز ڈے کے موقع پر ایک بیداری پروگرام اور عوامی رابطہ مہم کا اہتمام کیا، جس کا مقصد ریبیز جیسے مہلک مگر مکمل طور پر قابل انسداد مرض سے بچاؤ کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

شعبہ میڈیسن کے چیئرمین پروفیسر خواجہ سیف اللہ ظفر نے اپنے ابتدائی کلمات میں عوامی بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔ انھوں نے کہا کہ ریبیزایسی بیماری ہے جسے صد فیصد روکا جاسکتا ہے، اس کے باوجود محض بیداری کی کمی اور تاخیر سے علاج کی وجہ سے جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

پروگرام میں ڈاکٹر سدھارتھ گپتا نے ایک کلینیکل لیکچر دیا، جس میں انہوں نے ریبیز کی صورتحال، طبی علامات اور علاج کے طریقہ کار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے جانوروں کی ٹیکہ کاری، ڈاکٹر سے فوری رجوع اور عوام میں آگہی مہمات کو ریبیز کے خاتمے کی حکمت عملی کا لازمی جزو قرار دیا۔

اس سے قبل، ڈاکٹر لبنیٰ ظفر نے بر وقت ٹیکہ کاری اور پالتو جانوروں کی ذمہ دارانہ دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آگہی صرف اسپتالوں تک محدود نہ رہے بلکہ گھروں اور محلوں تک پہنچنی چاہیے۔

یہ پروگرام پروفیسر محمد اسلم کی نگرانی میں ترتیب دیا گیا، جس میں سینئر فیکلٹی ممبران پروفیسر شہزاد فیض الحق، پروفیسر انجم پرویز اور ڈاکٹر حسن عامر نے شرکت کی۔ آخر میں ڈاکٹر عامر حسین نے شکریہ ادا کیا۔

سیمینار کے بعد جے این ایم سی اسپتال کے گیٹ پر منعقدہ ایک بیداری پروگرام میں لوگوں کو ریبیز سے بچاؤ، زخم کی دیکھ بھال اور جانور کے کاٹنے پر ڈاکٹر سے فوری رجوع کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا۔

یہ عوامی آگاہی سرگرمی ڈاکٹر لبنیٰ ظفر اور ڈاکٹر حسین ایس حیدر مہدی کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ کے طلبہ نے شرکت کی۔

پروفیسر محمد اسلم نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام ہمارے ادارے کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم علم کو عوامی خدمت سے جوڑنا چاہتے ہیں۔ ریبیز پر قابو پانا صرف طبی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی سماجی ذمہ داری ہے، جس میں لوگوں کی بھرپور شرکت ضروری ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande