
نئی دہلی، 30 اکتوبر (ہ س): گھریلو شیئر بازار میں آج ابتدائی کاروبار کے دوران دباؤ دیکھا جا رہا ہے۔ آج کے کاروبار کی شروعات بھی گراوٹ کے ساتھ ہوئی تھی۔ بازار کھلنے کے بعد خریداری کے سہارا ملنے سے سینسیکس اور نفٹی دونوں انڈیکس میں کچھ دیر کے لیے تیزی دیکھی گئی، لیکن تھوڑی دیر بعد ہی فروخت کا دباؤ بڑھ گیا، جس کی وجہ سے دونوں انڈیکس نیچے آنے لگے۔ صبح 10 بجے تک کے کاروبار کے بعد سینسیکس 0.57 فیصد اور نفٹی 0.58 فیصد کمزوری کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔
صبح 10 بجے تک کے کاروبار کے دوران اسٹاک مارکیٹ کے بڑے شیئرز میں لارسن اینڈ ٹوبرو، شری رام فنانس، ٹاٹا موٹرز پیسنجر وہیکلز لمیٹڈ ، جیو فنانشل اور انٹرگلوب ایوی ایشن کے شیئرز 2.13 فیصد سے لے کر 0.58 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے۔ دوسری طرف ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز، بھارتی ایئرٹیل، میکس ہیلتھ کیئر، سپلا اور ٹرینٹ لمیٹڈ کے شیئرز 4.78 فیصد سے لے کر 0.90 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ کاروبارکر رہے تھے۔
ابھی تک کے کاروبار میں اسٹاک مارکیٹ میں 2,201 شیئروں میں سرگرم تجارت ہو رہی تھی۔ ان میں سے 993 شیئرز منافع کے ساتھ سبز نشان میں تھے، جبکہ 1,208 شیئر نقصان کے ساتھ سرخ نشان میں دکھائی دے رہے تھے۔ اسی طرح سینسیکس کے 30 شیئرز میں سے 2 خریداری کے سہارے سبز نشان میں تھے، جبکہ 28 فروخت کے دباؤ میں سرخ نشان میں تھے۔ نفٹی کے 50 شیئرز میں سے 12 سبز اور 38 سرخ نشان میں کاروبار کر رہے تھے۔
بی ایس ای کا سینسیکس آج 246.23 پوائنٹس کی گراوٹ کے ساتھ 84,750.90 پوائنٹس پر کھلا۔ کاروبار کے آغاز میں خریداری کے سہارا ملنے سے یہ انڈیکس تھوڑی دیر میں بڑھ کر 84,906.95 پوائنٹس تک گیا۔ تاہم فروخت کے دباؤ کی وجہ سے بعد میں گراوٹ بڑھتی گئی۔ صبح 10 بجے تک کے کاروبار کے بعد سینسیکس 486.06 پوائنٹس کی کمزوری کے ساتھ 84,511.07 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
اسی طرح این ایس ای کا نفٹی آج 69.50 پوائنٹس گر کر 25,984.40 پوائنٹس پر کھلا۔ بازار کھلتے ہی خریداری کے سہارے یہ انڈیکس 5 منٹ میں ہی بڑھ کر 26,032.05 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ لیکن پھر فروخت کے دباؤ کے باعث گراوٹ آ گئی۔ صبح 10 بجے تک نفٹی 150.10 پوائنٹس پھسل کر 25,903.80 پوائنٹس پر کاروبار کر رہا تھا۔
اس سے پہلے بدھ کے روز پچھلے کاروباری دن سینسیکس 368.97 پوائنٹس یعنی 0.44 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 84,997.13 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ نفٹی نے 117.70 پوائنٹس یعنی 0.45 فیصد کی تیزی کے ساتھ 26,053.90 پوائنٹس پر دن کا اختتام کیا تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد