-وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مینا پور-کانٹی سے انتخابی مہم کا آغاز کیا
پٹنہ/مظفر پور، 21 اکتوبر (ہ س)۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کےروز مظفر پور ضلع کے مینا پور اور کانٹی میں اسمبلی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے آئندہ پانچ سالوں میں ریاست میں ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکری اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔
مظفر پور ضلع کے مینا پور ہائی اسکول گراؤنڈ اور کانٹی ہائر سیکنڈری اسکول میں منعقدہ نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے جلسہ عام میں انہوں نے عوام سے جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے امیدواروں اجے کشواہا، اجیت کمار، راج کمار راجو، مدن چودھری، اور بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
مظفر پور کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ بہار میں ترقی کے دور کو سست نہیں ہونے دینا چاہئے۔ ترقیاتی کام یاد رکھیں، افواہوں میں نہ آئیں۔ 24 نومبر 2005 کو جب ہماری حکومت بنی تو بہار کے حالات بہت خراب تھے۔ لوگ شام کے وقت گھروں سے نکلنے سے ڈرتے تھے اور معاشرے میں تناؤ تھا۔ ہم لوگوںنے امن و امان کو بہتر بنایا، اور سڑکوں، بجلی اور تعلیم میں نمایاں بہتری لائی۔ آج بہار ترقی کی راہ پر مضبوطی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
جلسہ عام کے دوران ایک دلچسپ لمحہ دیکھنے کو ملا۔ جب وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بی جے پی امیدوار راما نشاد کو ہار پہنانے کے لیے ہاتھ بڑھایا تو پاس ہی کھڑے راجیہ سبھا ممبر سنجے جھا نے ان کا ہاتھ پکڑ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ تو کمال کا آدمی ہے بھائی آپ میرا ہاتھ کیوں پکڑ رہے ہیں؟ ان کے اس اشارے پر اسٹیج پر موجود رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے تالیاں بجائی گئیں۔ اس کے بعد وزیر اعلیٰ نے راما نشاد کو ہار پہنایا۔
قابل ذکر ہے کہ راما نشاد سابق ایم پی اجے نشاد کی اہلیہ ہیں اور اس بار اورائی اسمبلی سیٹ سے بی جے پی کی امیدوار ہیں۔ بی جے پی نے موجودہ ایم ایل اے اور سابق وزیر رام سورت رائے کے بجائے راما نشاد پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ مینا پور اور کانٹی میں ہونے والی ریلی میں کارکنوں اور مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اسٹیج پر این ڈی اے کے کئی سینئر لیڈر بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan