خرطوم،21اکتوبر(ہ س)۔منگل کی صبح سویرے سوڈانی دار الحکومت کے ایئرپورٹ کے اطراف ڈرون طیاروں کی پروازوں کے دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی گئیں۔ پیر کے روز حکام نے اعلان کیا تھا کہ ایئرپورٹ کو بدھ کے روز اندرونِ ملک پروازوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ہوائی اڈا دو سال سے زائد عرصے سے بند ہے۔خبر رساں ادارے فرانس پریس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ انھوں نے وسطی اور جنوبی خرطوم کی فضاوں میں ڈرون کی آوازیں اور دھماکوں کی گونج سنی، جو مقامی وقت کے مطابق صبح چار سے چھ بجے کے درمیان سنائی دیں۔یہ ایئرپورٹ اپریل 2023 میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان جھڑپوں کے آغاز کے بعد سے بند ہے۔ ان لڑائیوں نے دارالحکومت کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔پیر کے روز سوڈانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا تھا کہ بدھ سے ایئرپورٹ کو مرحلہ وار کھولا جائے گا تاکہ اندرونِ ملک پروازیں بحال کی جا سکیں، جب کہ تمام تکنیکی اور آپریشنل تیاریوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔اگرچہ فوج نے چند ماہ قبل خرطوم پر اپنے کنٹرول کی بحالی کا اعلان کیا تھا اور شہر نسبتاً پرسکون ہے، تاہم ڈرون حملے بدستور جاری ہیں۔فوجی ذرائع کے مطابق، ان حملوں کے پیچھے اکثر ریپڈ سپورٹ فورسز کا ہاتھ بتایا جاتا ہے جو فوجی اور شہری اہداف پر دور سے حملے کرتی ہیں۔شہریوں نے یہ بھی بتایا کہ منگل کی صبح شمالی ام درمان میں بھی ڈرون حملے ہوئے، جہاں اہم فوجی تنصیبات واقع ہیں۔تاحال کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی، اور کسی جانی نقصان کی اطلاع بھی موصول نہیں ہوئی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan