نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے دیوالی کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم معاشرے اور اپنے ارد گرد ہم آہنگی، مدد اور مثبتیت کا دیپ( چراغ) جلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ”دیوالی ہمیں یہ بھی سکھاتی ہے کہ جب ایک دیئے سے دوسرے دیئے کو جلایا جاتا ہے تو اس کی روشنی کم نہیں ہوتی بلکہ بڑھ جاتی ہے۔
دیوالی کے موقع پر اہل وطنوں کو لکھے ایک خط میں وزیر اعظم نے ایودھیا میں رام مندر، آپریشن سندور، نکسل ازم کے خاتمے، جی ایس ٹی اتسو اور سودیشی کو اپنانے کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام زبانوں کا احترام کرنا چاہیے۔ ہمیں صفائی کو برقرار رکھنا چاہیے۔ ہم اپنی صحت کو ترجیح دیں۔ہم اپنے کھانے میں تیل کا استعمال 10 فیصد کم کریں اور یوگا کو اپنایں۔ یہ تمام کوششیں ہمیں تیزی سے وکست بھارت کی طرف لے جائیں گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی عظیم الشان تعمیر کے بعد یہ دوسری دیوالی ہے۔ بھگوان شری رام ہمیں دھرم کی تعلیم دیتے ہیں اور ناانصافی سے لڑنے کی ہمت بھی دیتے ہیں۔ اس کی جیتی جاگتی مثال ہم نے چند ماہ قبل آپریشن سندور کے دوران دیکھی تھی۔ آپریشن سندور کے دوران بھارت نے نہ صرف دھرم کی حفاظت کی بلکہ ناانصافی کا بدلہ بھی لیا۔
نکسل ازم کے خاتمے کی طرف پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پہلی بار اس دیوالی پر ملک بھر کے کئی دور دراز اضلاع میں دیپ جلائے جائیں گے۔ ان ضلعوں میں نکسلی دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ حالیہ دنوں میں بہت سے لوگ تشدد کا راستہ ترک کر ترقی کے اصل دھارے میں شامل ہو گئے ہیں۔ یہ ملک کے لیے ایک بڑی حصولیابی ہے۔
جی ایس ٹی بچت پر وزیر اعظم نے کہا کہ بحرانوں سے دوچار دنیا میں، ہندوستان استحکام اور لچک دونوں کی علامت کے طور پر ابھرا ہے۔ ملک نے حال ہی میں نئے سلسلسے کی اصلاحات کی بھی شروعات کی ہے ۔ جی ایس ٹی کی کم شرحیں نوراتری کے پہلے دن نافذ العمل ہو گئیں۔ اس بچت اتسو کے دوران شہری ہزاروں کروڑ روپے کی بچت کر رہے ہیں۔
سودیشی کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ وکست اور آتم نربھر بھارت کی طرف سفر میں بحیثیت شہری ہماری بنیادی ذمہ داریملک کے تئیں اپنے فرائض کو پورا کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا،”آئیے ہم ’سودیشی‘ (مقامی مصنوعات) اپنائیں اور فخر سے کہیں کہ’یہ سودیشی ہے!‘ آئیے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے جذبے کو فروغ دیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد