نئی دہلی، 21 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی فائر ڈپارٹمنٹ کو دیوالی کی رات کو کل 269 فائر کال موصول ہوئیں۔ یہ ایک راحت کی بات رہی کہ اتنی بڑی تعداد میں کالز موصول ہونے کے باوجود کوئی بڑا حادثہ، جانی نقصان یا شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ محکمہ پورے تہوار کے دوران ہائی الرٹ پر رہا۔ شہر بھر میں تمام فائر اسٹیشنوں پر کوئیک رسپانس ٹیمیں تعینات کر دی گئی تھیں۔ اہلکار نے بتایاکہ ”ہمیں آدھی رات تک 269 کالیں موصول ہوئیں۔خوش قسمتی سے، کوئی بڑا واقعہ نہیں ہوا۔ زیادہ تر کالیں پٹاخوں اور دیوں کی وجہ سے لگنے والی چھوٹی آگ سے متعلق تھیں۔“
اس بار فائر کالز کی تعداد پچھلے سال سے زیادہ ہے۔ گزشتہ سال 300 سے زائد کالیں آئیں۔ فائر بریگیڈ کے مطابق دیوالی کی رات آگ لگنے کی دو بڑی کالیں موصول ہوئیں۔ پہلی کال پیر کی رات مغربی دہلی کے موہن گارڈن علاقے میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت میں آگ لگنے کی تھی۔ حادثے میں فائر بریگیڈ کی ٹیم نے سات افراد کو بحفاظت نکال لیا۔ فائر آفیسر نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع رات 10:01 بجے ملی۔ آگ عمارت کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی تھی۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ آتشزدگی پٹاخوں کی وجہ سے گھریلو سامان میں لگی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی چھ گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں اور تقریباً ساڑھے گیارہ بجے تک آگ پر پوری طرح قابو پالیا گیا۔ اس دوران دوسرا واقعہ سنجے گاندھی ٹرانسپورٹ کا ہے۔ فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق کل رات تقریباً ایک بجے فائر ڈپارٹمنٹ کو اطلاع ملی کہ سنجے گاندھی ٹرانسپورٹ نگر میں آگ لگ گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 20 گاڑیاں ایک ایک کرکے موقع پر روانہ کی گئیں۔ آگ 500 گز کے دو گوداموں میں لگی تھی۔ ٹرک کا سامان گودام میں رکھا ہوا تھا۔ خبر لکھے جانے تک آگ بجھانے کا کام جاری تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد