ممبئی
، 21 اکتوبر(ہ س)مہاراشٹر
کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے آج منگل کو پولیس میموریل ڈے کے موقع پر ممبئی کے
نائگاؤں پولیس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پُر وقار تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ملک
بھر کے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اسمرتی ستمبھ پر گل ہائے
عقیدت پیش کیا نیز اس موقع پر انھوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور شہداء
قربانیوں کو یاد کیا۔
پولیس ہیڈکوارٹر
نائگاؤں میں منقعدہ تقریب میں گزشتہ سال دورانِ خدمت جان دینے والے 191 پولیس
اہلکاروں جن میں 34 افسران اور 157 اہلکار شامل تھے کی خدمات کو یاد کیا گیا اور پولیس
بینڈ نے جنگجووں کو سلام کی دھن بجا کر بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت
پیش کیا، جس کے بعد چاق و چوبند دستے نے تین راؤنڈ فائرنگ کر کے رسمی سلامی دی۔
وزیر
اعلیٰ فڑنویس نے تقریب کے دوران کہا کہ پولیس فورس ملک کی داخلی سلامتی کی محافظ
ہے اور ان شہداء کی قربانیاں قوم کی تاریخ کا لازمی حصہ ہیں۔ انہوں نے پولیس
اہلکاروں کے حوصلے اور فرض شناسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ان کے اہلِ خانہ
کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
تقریب میں
ممبئی کے مضافاتی وزیر منگل پربھات لودھا، پولیس ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا، گریٹر
ممبئی پولیس کمشنر دیون بھارتی، مختلف ممالک کے قونصل جنرل، سینئر پولیس افسران
اور شہداء کے اہل خانہ شریک ہوئے۔ تمام شرکاء نے اسمرتی ستمبھ پر گل ہائے عقیدت پیش
کیے اور شہداء کے کارناموں کو یاد کیا۔
یہ
پروگرام پولیس کے عزم و حوصلے کی علامت کے طور پر منایا گیا، جس میں افسران اور
جوانوں نے وطن کے لیے اپنی جان قربان کرنے والوں کو عقیدت و احترام سے یاد کیا۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے