حیدرآباد ،19 ۔اکتوبر۔(ہ س)۔ دیوالی کے موقع پر ریلوے اسٹیشنوں سے متعلق پرانے ویڈیوز اور غلط معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، یہ بات ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر اے شری دھر نے واضح کی ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایسی جھوٹی تشہیر سے مسافروں میں بے چینی اور گمراہی پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال فیس بک، ایکس (ٹویٹر)، انسٹاگرام سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر نقلی اورپرانی ویڈیوز پوسٹ کرنے والے 20 سے زائد اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ریلوے اسٹیشنوں میں ہجوم یا کسی ناگہانی واقعہ سے متعلق پرانے ویڈیوز کو بغیر تصدیق کے درست نہ سمجھیں۔ صرف سرکاری معلومات پر ہی بھروسہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں کو ہرگز نہ پھیلائیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ریلویزنے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 24×7 سوشل میڈیا مانیٹرنگ سسٹم شروع کیا ہے اور کسی بھی شخص کی جانب سے جھوٹی خبریں پھیلانے کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔مسافروں سے اپیل کی گئی کہ درست معلومات کے لئے ریلوے وزارت کے سرکاری سوشل میڈیا ہینڈل کا استعمال کریں۔ شری دھر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق