حیدرآباد، 19اکتوبر(ہ س)۔نظام آباد ضلع کے سارنگاپور جنگلاتی علاقے میں آج صبح پیش آئے ایک مبینہ پولیس انکاؤنٹر نے سنسنی پھیلا دی۔ اطلاعات کے مطابق، خطرناک رؤڈی شیٹر ریاض پولیس کی گرفت سے بچنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض پر گزشتہ دنوں ہوئے اُس حملے کا الزام تھا جس میں کانسٹیبل پرمود نے اپنی جان گنوائی تھی۔ واقعہ کے بعد پولیس نے ریاض کی تلاش تیز کردی تھی، اور آج صبح یہ خبر منظرِ عام پر آئی کہ جنگل کے علاقے میں انکاؤنٹر ہوا ہے۔تاہم، نظام آباد پولیس نے اس خبر کی تصدیق کرنے سے انکار کیا ہے۔ نظام آباد کے پولیس کمشنر نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا کہ ریاض زندہ ہے اور اُس پر کسی بھی قسم کی فائرنگ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی انکاؤنٹر کی افواہیں بالکل غلط ہیں۔ پولیس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق