کولمبو، 18 اکتوبر (ہ س)۔ لورا وولوارٹ اور تاجمن بریٹس کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے بارش سے متاثر 20 اوور کے مقابلے میں سری لنکا کو 10 وکٹ سے شکست دیتے ہوئے خواتین ون ڈے ورلڈ کپ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔ ٹیم نے 121 رنوں کے ترمیم شدہ ہدف کو 14.5 اوور میں حاصل کر لیا۔
میچ کے آغاز میں سری لنکا کی بلے باز وشمی گنارتنے نے اچھی اننگز کھیلتے ہوئے کچھ دلکش شاٹس لگائے، لیکن پانچویں اوور میں فیلڈر کے تھرو سے ان کے بائیں گھٹنے پر چوٹ لگی اور انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔ اس کے بعد مستابا کلاز نے سری لنکا کو جھٹکے دیے اور کپتان چماری اٹا پٹو اور حسینی پریرا کو پویلین بھیج دیا۔
بارہویں اوور کے بعد سری لنکا کا اسکور 46/2 تھا کہ بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ تقریباً پانچ گھنٹے کے بعد میچ کو 20-20 اوور کا کر دیا گیا۔ کھیل شروع ہوتے ہی کویشا دلہاری نے نوکولولیکو ملا با کی گیند پر چھکا لگا کر سری لنکا کے جارحانہ ارادے ظاہر کیے۔
حالانکہ جنوبی افریقہ نے مسلسل دو اوور میں دو وکٹیں لے کر دباو بنا دیا۔ وشمی واپسی کر کے ٹیم کے لیے رن بناتی رہیں۔ ملا با نے آخری اوور میں شاندار گیند بازی کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں اور صرف چار رن دیے، جس سے سری لنکا 20 اوور میں 7 وکٹ پر 105 رن ہی بنا سکا۔
ہدف کا تعاقب کرنے اتری جنوبی افریقہ کی سلامی جوڑی وولوارٹ اور بریٹس نے اننگز کا آغاز سنبھل کر کیا اور جلد ہی رن ریٹ بڑھا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے اسٹرائیک روٹیٹ کرتے ہوئے مسلسل چوکے لگائے اور سری لنکا کو میچ میں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔
13ویں اوور میں دونوں نے دلہاری کو چار چوکے لگا کر میچ مکمل طور پر جنوبی افریقہ کے حق میں کر دیا۔ اس کے بعد وولوارٹ نے اٹا پٹو کی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کا اسکور 100 کے پار پہنچایا، جبکہ بریٹس نے پیومی بدالگے پر چوکا اور چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
یہ دونوں کے درمیان ون ڈے میں ساتویں سنچری شراکت تھی اور جنوبی افریقہ کی خواتین ون ڈے میں چھٹی 10 وکٹ سے جیت تھی۔
مختصر اسکور:
سری لنکا- 105/7 (20 اوور میں) (وشمی گنارتنے 34، نیلاکش ڈی سلوا 18؛ نوکولولیکو ملا با 3/30)۔
جنوبی افریقہ - 125/0 (14.5 اوور میں) (لورا وولوارٹ 60*، تاجمن بریٹس 55*)۔
نتیجہ: جنوبی افریقہ نے 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن