بشکیک، 18 اکتوبر (ہ س)۔ بھارتی انڈر 17 خواتین فٹبال ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 20 سال بعد اے ایف سی انڈر 17 ویمن ایشین کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ ہندوستان نے جمعہ کے روز ڈولون اومورزاکوف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ازبکستان کو 1-2 سے شکست دے کر یہ کامیابی حاصل کی۔
میچ میں ہندوستان نے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کی۔ ہیڈ کوچ جواکم الیگزینڈر سن کی حکمت عملی میں تبدیلی نے میچ کا رخ بدل دیا۔ انہوں نے 40ویں منٹ میں بونیفیلیا شولائی کی جگہ تھندمنی باسکے کو میدان میں اتارا۔ باسکے نے 55ویں منٹ میں گول کر کے ہندوستان کو برابر پر لا دیا اور پھر 66ویں منٹ میں انوشکا کماری کو پاس دے کر دوسرا گول کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اس سے پہلے ازبکستان کی شیخ زودا علی خونووا نے 38ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے دوسرے ہاف میں شاندار کنٹرول دکھاتے ہوئے میچ اپنے نام کیا اور کوالیفکیشن پکا کر لیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی انڈر 17 خواتین ٹیم نے میرٹ کی بنیاد پر اے ایف سی ایشین کپ میں جگہ بنائی ہے۔ ہندوستان آخری بار 2005 میں اس ٹورنامنٹ میں کھیلا تھا، جب 11 ٹیموں کو براہِ راست داخلہ ملا تھا۔ لیکن کوالیفکیشن نظام نافذ ہونے کے بعد اب تک ہندوستان کو جگہ نہیں مل سکی تھی۔
اب ہندوستان کی سینئر خواتین ٹیم، انڈر 20 خواتین ٹیم اور انڈر 17 خواتین ٹیم تینوں ہی براعظمی مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن