بالوترا، 16 اکتوبر (ہ س)۔ بالوترا ضلع میں سندھری تھانہ علاقے کے سڑا گاوں میں میگا ہائی وے پر ہوئے سڑک حادثے میں چار دوستوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک نوجوان کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ حادثہ بدھ کی آدھی رات کے بعد تقریباً 1.30 بجے پیش آیا۔ یہ حادثہ ٹریلر اور اسکارپیو کے درمیان ٹکر سے ہوا۔ دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق مقامی لوگوں نے اپنی سطح پر آگ کے شعلوں میں گھری اسکارپیو میں سوار نوجوانوں کو باہر نکالنے کی کوشش کی، مگر کامیاب نہیں ہوسکے۔ ہائی وے پر تقریباً ایک گھنٹے تک ٹریفک جام لگا رہا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم کے پہنچنے کے بعد دونوں گاڑیوں کو ہٹا کر آمد و رفت بحال کی گئی۔
پولیس کے مطابق گُڑا مالانی (باڑمیر) کے ڈابڑ گاوں کے رہائشی پانچ دوست کام سے سندھری گئے تھے۔ وہاں سے لوٹتے وقت یہ حادثہ ہوا۔ متوفیوں کی شناخت موہن سنگھ (35) ولد دھوڑ سنگھ، شمبھو سنگھ (20) ولد دیپ سنگھ، پانچا رام (22) ولد لمبا رام اور پرکاش (28) ولد سانپا رام کے طور پر ہوئی ہے۔ وہیں اسکارپیو ڈرائیور دلیپ سنگھ بری طرح جھلس گیا ہے۔ اُسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثہ ان کے گھر سے محض 30 کلو میٹر پہلے ہوا۔
عینی شاہدین کے مطابق ٹریلر ڈرائیور نے جان خطرے میں ڈال کر اسکارپیو کے ڈرائیور کو باہر کھینچنے کی کوشش کی اور وہ اس میں کامیاب رہا۔ جھلسے ہوئے نوجوان کو سندھری کمیونٹی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے اُسے نازک حالت میں جودھپور ریفر کیا گیا۔
ضلع کلکٹر سشیل کمار یادو، پولیس سپرنٹنڈنٹ رمیش، ایڈیشنل ضلع کلکٹر بھوبنیشور سنگھ چوہان، ڈپٹی نیرج شرما، سب ڈویژنل آفیسر سمندر سنگھ بھاٹی، چیف ڈسٹرکٹ میڈیکل آفیسر واکا رام چودھری سمیت ٹرانسپورٹ آفیسر اور انتظامی ٹیم موقع پر پہنچی اور حالات کا جائزہ لیا۔ آر جی ٹی کمپنی اور میونسپل کونسل کی فائر بریگیڈ نے کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن