جموں, 13 اکتوبر (ہ س)۔
ضلع اسپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ میں ایک شاندار آرچری ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک و بیرونِ ملک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والی بین الاقوامی آرچر شیتل دیوی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ پروگرام فوج کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت طرزِ فکر کو تقویت دینا تھا۔
ایونٹ میں مختلف زمروں کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی اور اپنی نشانے بازی کے جوہر دکھائے۔ افتتاحی تقریب کا آغاز گزشتہ ہفتے معروف شوٹر چین سنگھ نے کیا تھا۔جبکہ فائنل مرحلے میں شیتل دیوی کی موجودگی نے نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے اور جذبے کو نئی جِلا بخشی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیتل دیوی نے کہا کہ کھیل زندگی کا اہم حصہ ہیں جو نظم و ضبط، صبر، اور ہمت کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دیں، کیونکہ کامیابی انہی کو حاصل ہوتی ہے جو مشکل حالات میں ثابت قدم رہتے ہیں۔
شیتل دیوی نے اپنے سفر کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ وہ کشتواڑ کے ایک دورافتادہ گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں، جہاں سے آگے بڑھنا آسان نہیں تھا، مگر انہوں نے ہمت، محنت اور لگن کے ذریعے آج بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی مسلسل محنت، بہتر کوچنگ اور خوداعتمادی کے ذریعے اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ایونٹ کے فاتح کھلاڑیوں میں تمغے اور اسناد تقسیم کیے گئے۔ شیتل دیوی کی شمولیت کو نوجوانوں کے لیے حوصلہ اور ترغیب کا ذریعہ قرار دیا گیا، جبکہ منتظمین نے مستقبل میں اس نوعیت کے مزید کھیلوں کے انعقاد کا عزم ظاہر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر