نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔
مرکزی حکومت قومی شاہراہوں پر گندے بیت الخلاء کی اطلاع دینے والے کو 1,000روپے کا انعا دے گی۔ یہ انعام فاسٹگ ریچارج کی صورت میں دیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے یہ پہل 'خصوصی مہم 5.0' کے حصے کے طور پر شروع کی، جو 31 اکتوبر تک نافذ رہے گی۔
این ایچ اے آئی کے مطابق، اس اسکیم کا مقصد ٹول پلازوں پر بیت الخلاء کی صفائی کو برقرار رکھنا اور مسافروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اس سکیم کے تحت کوئی بھی راج مارگ یاترا موبائل ایپ کے ذریعہ گندے ٹوائلٹ کی تصویر اپ لوڈ کرکے 1000 روپے کا انعام حاصل کر سکتا ہے۔ یہ پہل 'راج مارگ یاترا' موبائل ایپ کے ذریعے چلائی جائے گی، جہاں صارف کو گندے ٹوائلٹ کی جیو ٹیگ اور ٹائم اسٹیمپ والی تصویر اپ لوڈ کرنے کی ضرورت ہوگی۔ صارف کو اپنا نام، مقام، گاڑی کا رجسٹریشن نمبر اور موبائل نمبر بھی درج کرنا ہوگا۔
اسکیم کی پوری مدت کے دوران فی گاڑی کے رجسٹریشن نمبر پر صرف ایک بار انعام دیا جائے گا۔ تاہم، اگر ایک ہی دن ایک بیت الخلا کے لیے متعدد رپورٹیں موصول ہوتی ہیں، تو انعام کے لیے صرف پہلی درست رپورٹ پر غور کیا جائے گا۔
این ایچ اے آئی نے کہا کہ یہ اسکیم صرف این ایچ اے آئی کے کنٹرول میں بیت الخلاء پر لاگو ہوگی۔ ڈھابوں، پٹرول پمپوں، یا دیگر نجی مقامات پر بیت الخلاء شامل نہیں ہیں۔ تصاویر کی تصدیق مصنوعی ذہانت (اے آئی ) اور دستی طور پر کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ