علی گرھ, 12 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینٹر فار کنٹینوئنگ ایڈلٹ اینڈ ایکسٹینشن ایجوکیشن (مرکز تعلیم بالغاں) نے ’عالمی سرمایہ کار ہفتہ‘ کے موقع پر نیشنل سینٹر فار فنانشیئل ایجوکیشن کے تعاون سے مالیاتی خواندگی پر ایک ورکشاپ منعقد کی۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے مالی خواندگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کمانا اس وقت تک بے معنی ہے جب تک کہ آپ سمجھداری سے بچت کرنا اور سرمایہ کاری کرنا نہ سیکھیں۔
ورکشاپ کے ریسورس پرسن ڈاکٹر عقیل الرحمن، اسمارٹ سیبی، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) نے آمدنی، خرچ اور بچت کے بنیادی اصولوں پر گفتگو کی۔ انہوں نے مالی منصوبہ بندی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آمدنی مختلف ذرائع سے ہوسکتی ہے جیسے کہ ملازمت، کاروبار، زراعت یا پنشن، لیکن اسے ہوشیاری سے استعمال کرنا ایک محفوظ مستقبل کی کلید ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ہندوستان کی مجموعی آبادی میں سے صرف 26 فیصد لوگ مالی طور پر خواندہ ہیں۔ انہوں نے بجٹ بنانے، بچت کرنے اور ضروریات اور خواہشات میں فرق جیسے بنیادی تصورات کی وضاحت کی۔ جلسہ کا اختتام ڈاکٹر شمیم اختر کے کلمات تشکر پر ہوا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ