علی گڑھ، 12 اکتوبر(ہ س)۔
جدید طبیعیات کی تعلیم و تحقیق میں ایک اہم پیش رفت کے طور پرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس نے اپنی نئی ہائی انرجی فزکس لیبارٹری کا افتتاح کیا، جو یونیورسٹی کے سائنسی ڈھانچے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ شعبہ کی لیبارٹری کمپلیکس کے بیسمنٹ میں اس سہولت کا افتتاح فیکلٹی آف سائنس کے ڈین پروفیسر سر تاج تبسم نے کیا۔
شعبہ فزکس کے چیئرمین پروفیسر انیس العین عثمانی نے بتایا کہ نئی لیبارٹری کا مقصد عالمی ہائی انرجی فزکس تحقیق میں استعمال ہونے والی تجرباتی اور کمپیوٹیشنل تکنیکوں میں عملی تربیت فراہم کرنا ہے۔ یہ لیبارٹری ہائی ریزولوشن مائکروسکوپ، پارٹیکل ٹریک ریکارڈنگ سسٹمز، الیکٹرانک مائیکروسکوپی، اور کمپیوٹر پر مبنی تجزیاتی آلات سے لیس ہے، جو طلبہ کو سمولیشن پر مبنی تجربات اور پارٹیکلز کی شناخت کے طریقوں کا براہِ راست تجربہ دے گی۔
یونیورسٹی نے اس منصوبے کے لیے پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کی ہے، اور میون لائف ٹائم کی پیمائش کے تجربات کے لیے ساز و سامان کی خرید جاری ہے۔ مزید ڈیٹیکٹرز اور سیمولیشن سیٹ اپ بھی نصب کیے جا چکے ہیں، اور لیبارٹری کو جدید تحقیقاتی مرکز بنانے کے لیے توسیعی منصوبے زیر غور ہیں۔
لیباریٹری میں ببل چیمبر ڈیٹا کے تجزیے پر خاص زور دیا گیا ہے، جو طلبہ کو تاریخی ذراتی تصادم کے واقعات کا جائزہ لینے، ذرات کے راستے، حرکت اور تعامل کی اقسام کی شناخت کرنے کے قابل بناتی ہے۔ یہ سہولت اور میون لائف ٹائم کی پیمائش کے تجربات طلبہ کو پارٹیکل فزکس کی روایتی اور جدید تکنیکوں میں عملی بصیرت فراہم کریں گے۔
یہ اقدام اے ایم یو کے ہائی انرجی فزکس ریسرچ گروپ کو مضبوط کرے گا، جہاں ڈاکٹر نذیر احمد اور ڈاکٹر دانش اعظمی جیسے فیکلٹی ممبران تجرباتی کاموں میں مصروف ہیں۔ یہ گروپ اے ایم یو کی نمائندگی سرن کے الائیس میں کرتا ہے، جس کے پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر شکیل احمد ہیں اور یہ طلبہ کو بین الاقوامی تحقیق سے مربوط کرتا ہے۔
لیباریٹری کمپلیکس میں دیگر سہولیات بشمول نیوکلیئر فزکس لیبارٹری، ریسسٹیو پلیٹ چیمبر لیباریٹری، اسپیکٹروسکوپی لیباریٹری اور ہیرٹیج سائنس میوزیم شامل ہیں، جو اسے فزکس کی تعلیم و تحقیق کا ایک جامع مرکز بناتے ہیں۔
پروفیسر عثمانی نے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے گرانٹ کی منظوری دی اور اس اقدام کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیباریٹری تعلیم اور تحقیق دونوں کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گی، جو بانی درسگاہ سر سید احمد خاں کے نظریہ کے عین مطابق جدید سائنس کو تعلیم کے ساتھ جوڑنے کی کوشش ہے۔
سینئر سائنسداں پروفیسر بی پی سنگھ نے ہائی انرجی فزکس گروپ کی جانب سے لیباریٹری قائم کرنے کی کاوشوں کو سراہا اور ٹیم کی محنت و تعاون کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے خاص طور پر ڈاکٹر انوج چندر کو سراہا جنہوں نے میون لائف ٹائم سیٹ اپ کی تیاری کے لیے اوٹی کا دورہ کیا۔
لیبارٹری کے انچارج ڈاکٹر نذیر احمد نے کہا کہ یہ سہولت طلبہ کو تجرباتی فزکس میں اعلیٰ تربیت فراہم کرے گی، جس میں پارٹیکلز کی شناخت، سیمولیشن اسٹڈیز، میون لائف ٹائم کی پیمائش، اور ببل چیمبر ڈیٹا کا تجزیہ جیسے امور شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے طلبہ ہائی انرجی فزکس اور متعلقہ شعبوں میں ریسرچ کریئر کے لیے تیار ہوں گے۔
ہائی انرجی فزکس لیبارٹری کا قیام اے ایم یو کے سائنسی سفر کا ایک نیا باب ہے، جو نظریاتی علم اور عملی تجربے کے درمیان پل کا کام کرے گا اور عالمی سطح پر فزکس کی تحقیق میں اے ایم یو کے بڑھتے ہوئے قدموں کو مضبوط کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ