حیدرآباد ،12 اکتوبر(ہ س)۔ریاستی وزیر اقلیتی بہبود اے لکشمن نے کہا کہ وزیر اعلٰی ریونت ریڈی ریسیڈنشیل اسکولس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ایمرجنسی مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے 60 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر لکشمن نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، میناریٹی تمام ریسیڈنشیل اسکولس کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔ ہاسٹلس میں طلبہ کو معیاری غذا کی فراہمی، میڈیکل چیک اپ، صاف صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ان مسائل پر ہفتہ واری رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کے لئے ڈیجیٹل مانیٹر سسٹم کو متعارف کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلٰی کی خصوصی دلچسپی سے 60 کروڑ روپے جاری ہوئے ہیں۔ جو بھی مسائل ہیں انہیں بہت جلد حل کرلیا جائے گا۔ زیر التواء بقایاجات کی اجرائی کے لئے وہ نائب وزیر اعلٰی بھٹی وکرامارکا سے نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ 20 اکتوبر سے قبل ماباقی زیر التواء بلز بھی جاری ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی، بی سی، میناریٹی ریسیڈنشیل اسکولس میں عوامی شکایتوں کو وصول کرنے پبلک گریونس سسٹم متعارف کیا گیا ضلع کلکٹر کی نگرانی میں ریسیڈنشیل اسکولس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اسپیڈ رسپانس ٹریکنگ سسٹم کی تشکیل کیلئے کلکٹرس کو مکمل اختیار دیئے گئے ہیں ۔ سوسائٹی کے سکریٹری کو فنڈس کے استعمال میں مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد تمام ریسیڈنشیل اسکولس میں 71,044 زائد طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔ شرح داخلہ میں مزید اضافہ کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جملہ 3.27 لاکھ طلبہ ریسیڈنشیل اسکولس میں زیر تعلیم ہیں۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں ریسیڈنشیل اسکولس تو قائم کردیئے گئے تاہم ان کے لئے ذاتی عمارتیں موجود نہیں تھیں۔ کانگریس حکومت قائم ہونے کے بعد باچوپلی، گلاپلی، جگتیال کے علاقوں میں نئے تعمیرات کا آغاز ہوا ہے۔ طلبہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق