علی گڑھ, 12 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات نے انڈر گریجویٹ سال اوّل کے طلبہ کے لیے اورینٹیشن و انڈکشن پروگرام منعقد کیا۔ صدر شعبہ پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری نے اساتذہ اور طلبہ کا خیرمقدم کیا۔ انھوں نے طلبہ کو شعبہ کے تعلیمی ماحول، سہولیات اور تحقیقی ثقافت سے روشناس کرایا۔ انہوں نے معیاری تعلیم اور جدید تدریسی طریقوں کے تئیں یونیورسٹی کے عزم کو اجاگر کیا اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کو شعبہ کی ثقافت کا حصہ قرار دیا۔ سیشن کی صدارت کرتے ہوئے پروفیسر مرزا اسمر بیگ نے بتایا کہ یہ شعبہ طلبہ کو سیاسی زندگی کی حرکیات کو سمجھنے، تجزیاتی صلاحیتیں فروغ دینے اور ایک باشعور، ذمہ دار شہری بننے میں مدد دیتا ہے تاکہ وہ معاشرے کی بہتری میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ پروفیسر محمد محب الحق نے سیاسی شعور اور انسانی حقوق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انھیں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اقدار و روایات سے جوڑا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی خواندگی اور بیداری شہریوں کو ناانصافیوں پر سوال اٹھانے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کا حق دیتی ہے۔ یونیورسٹی کے ٹریننگ و پلیسمنٹ آفیسر مسٹر سعد حمید نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی کوششوں کو معاصر عالمی تقاضوں کے مطابق ترتیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی امتیاز اور غیر نصابی سرگرمیوں میں توازن قائم کر کے طلبہ اپنی شخصیت اور اپنے وژن کو ہمہ گیر بنا سکتے ہیں۔
پروگرام کی نظامت اسسٹنٹ پروفیسر مسٹر پرویز عالم نے کی جبکہ شکریہ کے کلمات ڈاکٹر فراز نے ادا کیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ