جموں, 12 اکتوبر (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع اُدھمپور میں اتوار کے روز پیش آئے ایک بڑے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعہ میں متعدد تجارتی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے جموں سری نگر قومی شاہراہ کے سمرولی علاقے کے نرسو مارکیٹ میں پیش آیا، جہاں اچانک پہاڑی سے بھاری مقدار میں مٹی اور پتھر گرنے سے قریبی عمارتیں زد میں آ گئیں۔
تودہ گرنے سے حال ہی میں کھلنے والی ایک ہوٹل عمارت کے ساتھ ساتھ دو دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔تاہم بروقت کارروائی کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، کیونکہ انتظامیہ نے خطرے کے پیش نظر مارکیٹ کے تمام ڈھانچوں کو پہلے ہی خالی کرا لیا تھا۔
ادھر واقعہ کے فوراً بعد انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شاہراہ پر آمد و رفت بحال رکھنے کے لیے ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر