جموں, 12 اکتوبر (ہ س)۔ بین الاقوامی سرحد (آئی بی) پر اگست میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران نقصان پہنچنے والی باڑ (فینسنگ) اور سرحدی چوکیوں کی مرمت و تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) نے ان مقامات پر دوبارہ فینسنگ تعمیر کرنے کے کام میں سرعت لائی ہے جہاں یہ پانی میں بہہ گئی تھی یا مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے علاوہ پڑوسی ریاست پنجاب کے کئی سرحدی علاقوں میں متاثرہ فینسنگ کی ازسرِنو تعمیر اور مرمت تیزی سے جاری ہے۔ متعدد سرحدی چوکیوں کو جو سیلاب میں بہہ گئیں یا شدید نقصان کی زد میں آئیں، اُنہیں بھی بحال کیا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ کام جلد مکمل ہونے کی توقع ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مرکزی وزارتِ داخلہ بھی اس پورے عمل کی نگرانی کر رہی ہے تاکہ سیلاب کی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر دہشت گرد کسی قسم کی دراندازی نہ کر سکیں۔ فینسنگ کو نقصان پہنچنے کے بعد بی ایس ایف نے ڈرونز، کشتیوں اور زمینی گشت کے ذریعے مسلسل نگرانی کا نظام سخت کر دیا تھا تاکہ پاکستان کی پشت پناہی سے کسی بھی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
وزارتِ داخلہ نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ فینسنگ اور چوکیوں کی تعمیر میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو، کیونکہ یہ سرحدی علاقہ دراندازی کی کوششوں کے لحاظ سے انتہائی حساس ہے۔ اسی مقصد کے تحت یہ کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔
یاد رہے کہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع، پاکستان کے ساتھ بین الاقوامی سرحد کا حصہ ہیں، رواں برس اگست کے آخر میں شدید بارشوں اور اچانک آنے والے سیلاب کی زد میں آئے تھے۔ چناب اور بسنتَر دریاؤں سمیت کئی نالے خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہے تھے، جس کے باعث سرکاری املاک، رہائشی علاقوں، فینسنگ اور سرحدی چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
ذرائع کے مطابق خاص طور پر اکھنور اور پرگھوال کے علاقوں میں چناب کی طغیانی سے زبردست تباہی ہوئی جبکہ پنجاب کے سرحدی اضلاع گرداسپور اور امرتسر میں بھی فینسنگ اور چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
قبل ازیں، سیلاب سے پہلے ہی ہیرانگر اور کٹھوعہ کے کچھ علاقوں میں دراندازی کی کوششوں کی اطلاعات سامنے آ چکی تھیں۔ مارچ کے آخر میں ہیرانگر اور گھاٹی (کٹھوعہ) میں دہشت گردوں کے ایک گروپ کے ساتھ جھڑپ کے دوران چار پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق بی ایس ایف نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے ہیں کہ پاکستان یا اُس کے حمایت یافتہ دہشت گرد سیلابی صورتحال کا فائدہ اٹھا کر دراندازی نہ کر سکیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر